میانمار میں بچوں، خواتین سمیت 30 افراد کی جلی ہوئی لاشیں برآمد

نیپئٹا: میانمار میں بچوں اور خواتین سمیت 30 افراد کی سوختہ لاشیں ملی ہیں، جنہیں گاڑیوں کے اندر ہی نذر آتش کردیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق واقعہ میانمار کی ریاست کیاہ میں پیش آیا جس کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ مذکورہ واقعے میں میانمار کی فوج ملوث ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں نذر آتش کیے گئے دو ٹرک اور کار کو دیکھا جا سکتا ہے اور ان کے اندر بچوں اور خواتین کی سوختہ لاشیں بھی ہیں۔
ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب ہم آج صبح علاقے میں پہنچے تو ہمیں دو ٹرکوں میں 27 جلی ہوئی لاشیں ملی۔
ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ ’ہمیں 27 کھوپڑیاں ملی ہیں لیکن ٹرک پر دوسری لاشیں بھی تھیں، جنہیں جلا کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیا گیا تھا اس لیے ہم ان کی گنتی نہیں کر سکے‘۔
اس حوالے سے میانمار میں ایک مانیٹر گروپ نے بتایا کہ اس نے مقامی میڈیا رپورٹس اور مقامی جنگجوؤں سے تصدیق کی ہے کہ فوج نے ہپرسو ٹاؤن شپ میں بچوں اور خواتین سمیت 35 افراد کو جلا کر ہلاک کیا۔
میانمار کی فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے آمریت مخالف عوام پر مختلف کریک ڈاؤن میں اب تک ایک ہزار 300 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس حوالے سے آمریت کے خلاف برسرپیکر پیپلز ڈیفنس فورس (پی ڈی ایف) نے میانمار میں مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور دونوں کے درمیان ہونے والے مختلف مسلح واقعات میں متعدد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com