پٹنہ: امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ قوم و ملت کا ایک عظیم سرمایہ اور اہم دینی ، تعلیمی ، سماجی و فلاحی قدیم ادارہ ہے ، جس کی خدمات کی روشن اور تابناک تاریخ ہے ، بانی امارت شرعیہ حضرت مولانا ابو المحاسن محمد سجادعلیہ الرحمہ نے امارت شرعیہ کے قیام کے وقت جن شعبوں پر امارت شرعیہ کی بنیاد رکھی، ان میں دو شعبے ، دعوت و تبلیغ اورتنظیم اپنے آپ میں خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ باتیں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی نے پریس کے لیے جاری ایک بیان میں کہیں، انہوں نے کہا کہ امیر شریعت اول بدر الکاملین حضرت مولانا شاہ بدر الدین قادری سجادہ نشین خانقاہ مجیبیہ پھلواری شریف پٹنہ سے لے کر اب تک کے تمام امراء شریعت نے ان پر خصوصی توجہ فرمائی ، امیر شریعت مفکر اسلام حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی خصوصی توجہ سے ۰۲۰۲ء میں تقریباً چالیس مبلغین کی بحالی شعبۂ تبلیغ و تنظیم میں ہوئی۔ الحمد للہ موجودہ امیر شریعت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم کی بھی ان دونوں شعبوں پر غیر معمولی توجہ ہے ،اس وقت حضرت دامت برکاتہم حالات اور تقاضوں کو دیکھتے ہوئے بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈکے تمام اضلاع ، بلاک،پنچایت اورگائوں میں امارت شرعیہ کی مضبوط تنظیم کے قیام اوردینی، اصلاحی ، تعلیمی ،دعوتی وفلاحی تحریک کو ہرآبادی تک پہونچانے کے سلسلہ میں مسلسل فکرمند ہیں،اسی غرض سے حضرت والا نے بڑی تعداد میں دعاۃ اور مبلغین بحال کرنے کا فیصلہ فرمایا ہے۔ حضرت والانے اس شعبہ کے لیے اس سال یہ ہدف مقرر کیا ہے کہ نئے دعاۃ و مبلغین کی تعداد کو کم سے کم ایک سو تک پہونچایا جائے ، تاکہ ہر علاقہ میں بروقت اسلام کی صحیح روشنی اور امارت شرعیہ کا پیغام پہنچ سکے اور تنظیم کا استحکام عمل میں آئے، وہاں کے لوگ اسلامی تشخص اور شعار کے ساتھ باعزت شہری کی حیثیت سے زندگی گذار سکیں اور ان کی مختلف فتنوں سے حفاظت ہو سکے،چنانچہ حضرت امیر شریعت مدظلہ کی ہدایت کے مطابق امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے اعلان کیا ہے کہ جو حضرات علماء و حفاظ امارت شرعیہ کے شعبہ تبلیغ وتنظیم سے منسلک ہو کر قوم و ملت کی گراں قدر خدمات انجام دینا چاہتے ہوں وہ جلد اپنی درخواست ناظم امارت شرعیہ کے نام مرکزی دفتر امارت شرعیہ میں ارسال کردیں ، درخواست صاف اور اپنی تحریر میں لکھیں ، نیز اپنا مکمل پتہ اور موبائل نمبر اور وہاٹس ایپ نمبر بھی ضرور تحریر کریں ، تعلیمی اسناد کی عکسی کاپی بھی درخواست کے ساتھ منسلک کریں ،درخواست مندرجہ ذیل ای میل یا وہاٹس ایپ نمبرپربھی ارسال کرسکتے ہیں۔ امیدواروں کے لیے انٹرویو کی تاریخ کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔
اپنی درخواستیں اس پتہ پر بھیجیں:
Department of Tabligh & Tanzeem
Imarat Shariah, Phulwari Sharif, Patna-801505
E-mail: nazimimaratshariah@gmail.com
Whats app No: 7050667423

Leave a Reply