عوام سوچ سمجھ کر حق رائے دہی کا استعمال کریں، یوپی کے عوام سے مفتی منظور ضیائی کی اپیل

ممبئی:  بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ، صوفی کارواں کے روح رواں اور ادارہ علم وہنر کے چیئرمین مفتی منظور ضیائی نے اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوچ سمجھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ مفتی منظور ضیائی نے کہاکہ الیکشن کے دوران پروپیگنڈہ مشنری متحرک ہوجاتی ہے اور رائے عامہ کو غلط رخ پر موڑنے کی کوشش تیز ہوجاتی ہے اسلیے سوجھ بوجھ اور سمجھداری سے کام لینا ضروری ہے۔ مفتی ضیائی نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے غیر یقینی صورت حال تھی، الیکشن کمیشن نے نہایت احتیاط کے ساتھ انتخابی پروگرام مرتب کیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس کا پابند بھی بنایا ہے کہ وہ خود کورونا ضابطوں کا خیال رکھیں۔ مفتی منظور ضیائی نے کہاکہ اترپردیش کے عوام سمجھدارہیں باشعور ہیں اور گزشتہ ۷۵ سالوں میں وہ سب کو آزما چکے ہیں، سب کی کارکردگی سب کے دعوے اور وعدے ان کے سامنے ہیں اس لیے کسی بھی پروپیگنڈہ سے انہیں گمراہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ مفتی ضیائی نے کہاکہ ووٹ ڈالنا ہر ہندوستانی کا حق ہے اور جمہوری فریضہ بھی، اسلیے حق رائے دہی کا اگر درست استعمال نہیں کیاگیا تو اس کا نتیجہ آنے والے پانچ سالوں تک بھگتنا اور ان پانچ سالوں میں جو نقصان ہوگا اس کی تلافی آنے والے پچاس سالوں میں بھی ممکن نہیں ہوگی، مفتی ضیائی نے اعلان کیاکہ وہ حالات کا جائزہ لینے اور مختلف سطح پر تبادلہ خیال کے بعد مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔


Posted

in

,

by

Tags:

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *