نئی دہلی: (پریس ریلیز) جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسرمحمد سلیم انجینئر نے این ڈی ٹی وی کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر اور اس کے لکھنؤ بیورو چیف کمال خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر نے کہا “ہم کمال خان کی موت پر سوگوار ہیں۔ وہ اپنی دیانت، اخلاقیات اور جرأت کے لیے مشہور تھے۔ وہ ملکی و سماجی مسائل کے بارے میں بڑی بصیرت رکھتے تھے اور معیاری و شائستہ زبان کا استعمال کرتے تھے۔ خبروں کے واقعات اور حالات حاضرہ پر رپورٹ کرنے کا منفرد انداز تھا۔ انہوں نے اپنی صحافت کے ذریعے بہت اہم مسائل سامنے لائے اور انتہائی اشوز کو آسانی کے ساتھ پیش کیا۔ انھیں ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں رام ناتھ گوئنکا ایوارڈ، اور گنیش شنکر ودیارتھی ایوارڈ دیا گیا تھا۔ ان کا انتقال صحافتی دنیا کے لیے ایک بہت بڑا خسارہ ہے۔ہم ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں سے تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے گناہوں کو معاف فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔”