پھر ریل حادثہ، واسکو ڈی گاما ہوڑہ امراوتی ایکسپریس پٹری سے اتری

ابھی کولکاتا میں بڑا ریل حادثہ ہوئے کچھ ہی دن گزرے ہیں کہ ایک بار پھر ریل حادثہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ حادثہ خطرناک ثابت نہیں ہوا۔ واقعہ منگل کی صبح تقریباً 9 بجے کا ہے جب واسکوڈی گاما ہوڑہ امراوتی ایکسپریس کے پہیے پٹری سے اتر گئے۔ حادثہ دودھ ساگر اور کارنجول (گوا میں) کے درمیان پیش آیا۔ ٹرین کے چیف لوکو کے اگلے پہیے پٹری سے اتر گئے تھے۔ حالانکہ ٹرین میں سوار سبھی مسافر اور ملازمین محفوظ ہیں۔ کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

ریلوے کے افسران نے بتایا کہ ٹرین کے پٹری سے اترنے کے سبب فی الحال پورے ٹریک کو بند کر دیا گیا ہے۔ ایک اے آر ٹی ٹرین (ایکسیڈنٹ ریلیف ٹرین) کو دودھ ساگر کی طرف بھیجا گیا ہے۔ محکمہ کے سینئر افسر حالات پر نظر بنائے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع میں 13 جنوری کو پٹنہ سے گواہاٹی جا رہی بیکانیر ایکسپریس کی 12 بوگیوں کے دوموہانی کے نزدیک پٹری سے اترنے سے بڑا ریل حادثہ ہو گیا تھا۔ اس میں 9 لوگوں کی موت اور تقریباً 45 لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد وزیر ریل اشونی ویشنو نے جائے حادثہ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور ہندوستانی ریلوے نے مہلوکین کے ورثا کو پانچ لاکھ روپے، شدید طور پر زخمی ہونے والوں کو 1 لاکھ روپے، اور معمولی طور پر زخمی ہونے والوں کو 25 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

اس حادثے کے بعد شمال مشرقی سرحدی ریلوے سی پی آر او کے مطابق جلپائی گوڑی ضلع میں ہوئے حادثہ کے بعد اس ریل لائن پر ٹرینوں کی آمد و رفت کو کئی دنوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ راحتی مہم مکمل ہونے کے تین دن بعد بحالی کا کام شروع کر دیا گیا جس کی وجہ سے کئی ٹرینوں کا راستہ بدلا گیا، کئی ٹرینیں منزل تک تاخیر سے پہنچیں۔


Posted

in

,

by

Tags:

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *