اتر پردیش میں بی جے پی کو ایک اور بڑا جھٹکا ، رکن اسمبلی جتیندر ورما نے پارٹی کو کہا الوداع

آگرہ ضلع کے فتح آباد اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی جتیندر ورما نے کل پارٹی سے استعفی دے دیا اور وہ سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں سماجوادی پارٹی کے آگرہ ضلع صدر کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔

اتر پردیش بی جے پی کے صدر سوتنتر دیو سنگھ کو بھیجے گئے خط میں جتیندر ورما نے تحریر کیا ہے کہ ”میں بی جے پی کی رکنیت سے استعفی دے رہا ہوں، مہربانی کر کے اسے قبول کرنے کی زحمت کریں۔” ورما نے اپنے خط میں پارٹی چھوڑنے کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا ہے لیکن پارٹی سے ان کو ٹکٹ نہ ملنا اس کی وجہ مانی جا رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ بی جے پی نے چونکہ اس انتخابات میں جتیندر ورما کو فتح آباد سے ٹکٹ نہیں دیا ہے اور ان کی جگہ چھوٹے لال ورما کو ٹکٹ دیا ہے اس لئے ان کے حامیوں میں ناراضگی اور غصہ تھا جس کی وجہ سے انہیں یہ فیصلہ لینا پڑا۔

واضح رہے جتیندر ورما پہلے سماجوادی کے رہنما ہی تھے جو سال 2014 میں بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے اور سال 2017 میں انہیں بی جے پی نے اپنا امیدوار بنایا تھا اور انہوں نے سماجوادی پارٹی کے راجیندر سنگھ کو 33 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے جیتیندر ورما پہلے ایسے رکن اسمبلی نہیں ہیں جنہوں نے بی جے پی کا دامن چھوڑا ہے ان سے پہلے بی جے پی کی حکومت میں رہے وزراء اور ارکان اسمبلی بھی پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com