مظفر نگر کے تمام اسمبلی حلقوں میں سماجوادی اتحاد کی جیت ہوگی

چرتھاول اسمبلی سے ٹکٹ نہ ملنے سے مایوسی ہوئی لیکن اکھلیش یادو کی قیادت پر پورا بھروسہ، پارٹی کارکنان کی توجہ اتحادی امیدواروں کو جتانے پر مرکوز: ضیاء چودھری

مظفر نگر: (ملت ٹائمز) مظفر نگر کے تمام اسمبلی حلقوں پر سماجوادی اتحاد کے ذریعہ کسی بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہ دیئے جانے کو لیکر تمام طرح کی قیاس آرائیاں بے معنی ہیں،اس طرح کی باتوں کو مسلم ووٹوں میں انتشار کے لیئے ذرائع ابلاغ کی جانب سے زیادہ ہوا دی جارہی ہے جبکہ سماجوادی اورآرایل ڈی کارکنان اسمبلی انتخابات کو لیکر پرجوش ہیں اور ان کی تمام تر توجہ 10فروری کو ہونے والی ووٹنگ پر مرکوز ہے، ان خیالات کا اظہار مظفر نگر سماجوادی پارٹی کے ضلع جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ ضیاء چودھری نے پریس کو جاری بیان میں کیا۔ضیاء چودھری نے آگے کہا کہ مظفر نگر میں مسلمانوں کی آبادی 40 فیصد کے قریب ہے اور ضلع کی کئی سیٹوں پر سماجوادی پارٹی سے مسلم امیدواروں کو ٹکٹ ملنے کی روایت رہی ہے ایسے میں ضلع کی کل 6 سیٹوں میں سے سماجوادی اتحاد سے کسی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہ ملنے سے سوال اٹھنا فطری ہے تاہم موجودہ سیاسی حالات کو دیکھتے ہوئے اگر اعلی قیادت نے کسی مسلم امیدوار کو یہاں سے ٹکٹ نہیں دیا ہے تویہ اعلی قیادت کا سوچا سمجھا اور دور اندیشی پر مبنی فیصلہ ہے اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ اعلی قیادت مسلمانوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔انہوں نے آگے کہاکہ در اصل گزشتہ اسمبلی انتخابات کے نتائج اور بی جے پی کی سیاسی چالوں کو مفلوج کرنے کے لیئے اعلی قیادت نے یہ فیصلہ لیا ہے تاکہ بی جے پی کو فرقہ پرستی اور ہندو مسلم کارڈ کھیلنے کا کوئی موقع نہ ملنے پائے کیونکہ 2013 میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد بی جے پی نے مظفر نگر کو مغربی اتر پردیش کی نئی تجربہ گاہ بنالیا ہے اور سماجوادی قیادت نہیں چاہتی کہ بی جے پی کے اس منصوبہ کو کامیاب ہونے دیا جائے حالانکہ دوسری جگہوں پر بی جے پی اس طرح کا ماحول بنانے کی پوری کوشش کر رہی ہے تاہم اکھیلیش یادو کی دور اندیش قیادت نے ابھی تک بی جے پی کے ہاتھ ایسا کوئی موقع نہیں آنے دیاہے جس سے بی جے پی تلملائی ہوئی ہے۔ ضیاء چودھری نے مزید کہاکہ دوسری جگہوں پر مسلم امیدواروں کو سماجوادی اتحاد کی جانب سے مسلم اکثریتی اسمبلی حلقوں سے ٹکٹ دیئے جارہے ہیں اور سماجوادی اتحاد کا اصل مقصد یہ ہے کہ کسی بھی طرح بی جے پی کو اتر پردیش کے اقتدار سے دور رکھا جائے اور مسلم رائے دہندگان کافی پہلے یہ فیصلہ کر چکے ہیں اور اکھیلیش یادو کی قیادت میں بی جے پی کو اتر پردیش کے اقتدار سے دور کرنے اور سماجوادی اتحاد کے امیدواروں کے حق میں ووٹ کرنے کا من بناچکے ہیں اور جس طرح سے تمام کارکنان ضلع مظفر نگر کی سیٹوں پر محنت کر رہے ہیں اس سے ضلع کی 6کی چھ سیٹوں پر سماجوادی اتحاد کی فتح کے امکانات روشن ہیں۔ مظفر نگر سے سماجوادی پارٹی کے ضلع جنرل سیکریٹری نے آگے کہاکہ چرتھاول اسمبلی حلقہ سے وہ خود بھی ٹکٹ کے دعویدار تھے مگر ٹکٹ نہ ملنے سے انھیں بھی مایوسی ہوئی تاہم اکھلیش یادو کی قیادت پر انھیں پورا بھروسہ ہے اور حکومت بننے کے بعد تمام محنتی کارکنان کو ان کی محنت کا صلہ ضرورملے گا۔ضیاء چودھری نے آگے کہاکہ موجودہ بی جے پی حکومت سے سب پریشان ہیں اور سماج کاکوئی ایسا طبقہ نہیں جو بی جے پی سے خفا نہ ہو، انہوں نے آگے کہاکہ اس حکومت میں لوگوں کے کاروبار تباہ ہوگئے اور مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ آج غریب کے منہ سے روٹی کانوالہ بھی چھن گیاہے اور خواتین کو گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے اس لیئے اسمبلی انتخابات میں سماج کا ہر طبقہ خاص کر خواتین اتر پردیش میں بدلاؤ کے لئے ووٹ کریں گی اور سماجوادی اتحاد کی حکومت بناکر اکھلیش یادو کو وزیر اعلی کی کرسی پر بٹھائیں گی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com