نئی دہلی: (ہ س) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش اسمبلی الیکشن کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو مافیا اور غنڈے اپنے آپ کو قانون سے بڑا سمجھتے ہیں ، اتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے انہیں قانون کا مطلب سمجھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یوپی میں تبدیلی کے لیے خود کوثابت کر رہی ہے ، جب کہ غنڈے اور مافیا اس الیکشن میں عوام سے بدلہ لینے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد پیر کو پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ورچوئل میڈیم کے ذریعے جن چوپال ریلی سے خطاب کیا۔
انہوں نے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن پارٹی کی طرف سے اعلان کردہ امیدواروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غنڈے اور مافیا اس الیکشن میں عوام سے بدلہ لینے کے لیے پر عزم بیٹھے ہیں۔ ٹکٹوں کی تقسیم کو لے کر سماج وادی پارٹی پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے جو ٹکٹ دیا ہے وہ اس کا ایک اور ثبوت ہے۔ بدلہ لینا ہمیشہ سے ان کی سوچ رہی ہے۔
وزیر اعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ریاست کے لوگ اس بار محتاط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ اتر پردیش کے لوگ ان فسادیوں سے بہت محتاط اور چوکنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کام اور اپوزیشن پارٹیوں کے کارناموں کو دیکھ کر اس بار بھی ریاست کے عوام بی جے پی کو پورا آشیرواد دینے والے ہیں۔مودی نے کہا کہ جب وہ پانچ سال پہلے انتخابات کے وقت مغربی اتر پردیش آئے تھے تو انہوں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ریاست کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ان پانچ سالوں میں وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ریاستی حکومت نے پوری ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ لوگوں کی خدمت کرنے اور ریاست کی ترقی کے لیے کوششیں کی ہیں۔