مجلس کارپوریشن الیکشن میں مضبوطی کے ساتھ حصہ لے گی: کلیم الحفیظ

ای ڈی ایم سی کیڈر کانفرنس، کارکنان میں دیکھا گیا جوش

نئی دہلی: مجلس دہلی میں ایک طاقت بن گئی ہے، مسلمان، دلت اور مظلوم طبقات مجلس میں شامل ہو رہے ہیں اور اچھی امید لگارہے ہیں۔ ہماری طاقت سے ڈر کر دہلی پولس ہمارے کارکنوں کو ہراساں کررہی ہے۔ مگر ہم ڈرنے والے نہیں بلکہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانے والے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے کیا۔ وہ جنتا کالونی میں ای ڈی ایم سی کے مجلس کے ذمہ داران سے خطاب کررہے تھے۔ کلیم الحفیظ نے کہا کہ جیسے جیسے الیکشن قریب آرہا ہے ہم سب کی ذمہ داریاں بڑھ رہی ہیں، ہم سب کا ایک ہی ہدف ہے کہ زیادہ سے زیادہ مجلس کے کارپوریٹر جیتیں اور دہلی کے عوام کی خدمت کا موقع حاصل کریں۔ اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر ممکنہ وارڈ میں اپنے کاموں میں تیزی لائیں۔ جو لوگ مجلس کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ اپنی درخواستیں جلد جمع کریں، صدر مجلس نے کہا کہ پولس ہمارے کارکنوں کو پریشان کررہی ہے۔ اس کی وجہ یہ کہ مجلس دہلی میں ایک طاقت بن کر ابھر رہی ہے، مخالف سیاسی جماعتوں کو مجلس سے خطرہ ہوگیا ہے۔ لیکن اس سے ڈرنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں،ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں کررہے ہیں۔ جب ہمارے قائد گولیوں سے نہیں ڈرے تو ہم ان کے سپاہی کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، آپ سب اپنے حصے کا کم کیجیے پولس کو اپنا کام کرنے دیجیے۔ کلیم الحفیظ نے کہا کہ ہر وارڈ سے ایک سے زیادہ لوگوں نے ہمیں درخواستیں دی ہیں۔ ہم ایماندار اور شفاف لوگوں کو اپنا امیدوار بنائیں گے۔کانفرنس میں ای ڈی ایم سی کے وارڈ صدور، ودھان سبھا کے صدور اور انچارج، ضلعی ذمہ داران اور اسٹیٹ کے ذمہداران نے شرکت کی۔بہت سے لوگوں نے اپنے مشورے اور تجاویز پیش کیں۔ عبدالغفار صدیقی آرگنائزیشن سیکریٹری، نے پرگرام کا افتتاح کیا محمد شاہ عالم جنرل سیکریٹری نے موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا۔  اس کے بعد صدر محترم نے حاضرین کے سوالوں کے جواب دیے اور خطاب کیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com