اسکولوں – کالجوں میں حجاب پر پابندی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے، کرناٹک تنازعہ پر امریکہ کا بیان

واشنگٹن: دنیا بھر میں مذہبی آزادی پر نظر رکھنے اور رپورٹ کرنے والے امریکی حکومت کے ادارہ برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (آئی آر ایف) نے کالج کیمپس میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے کے مطالبہ کے بعد پیدا ہونے والے تنازعہ کے درمیان کرناٹک حکومت پر تنقید کی ہے۔ کہنا ہے کہ مذہب کی آزادی میں لباس کے انتخاب کی آزادی بھی شامل ہے۔

آئی آر ایف کے سفیر راشد حسین نے کرناٹک تنازعہ کا ذکر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ کرناٹک کے حکام کو مذہبی لباس کی اجازت کا تعین نہیں کرنا چاہیے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں حجاب پر پابندی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔

راشد حسین نے کہا، ”مذہبی آزادی میں کسی کو بھی مذہبی پوشاک انتخاب کرنے کا اختیار شامل ہے۔ ہندوستانی ریاست کرناٹک میں مذہبی لباس پہننے کی اجازت کا تعین نہیں کرنا چاہئے۔ اسکولوں میں حجاب پر پابندی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرتی ہے اور یہ خواتین اور لڑکیوں کو حاشیہ پر لانے کا کام کرتا ہے۔”

عالمی مذہبی آزادی کا ادارہ، جس کے حسین سفیر ہیں، امریکی دفتر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے تحت آتا ہے اور اس کی طرف سے ماضی میں بھی ہندوستان کی مذہبی کشیدگی پر تبصرے کئے گئے ہیں۔

دریں اثنا، کرناٹک ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ وہ حجاب کی پابندیوں کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر پیر کو دوبارہ سماعت شروع کرے گا۔ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز اپنے عبوری حکم میں کہا تھا کہ تعلیمی اداروں کے اندر کسی بھی مذہبی لباس چاہے وہ شال ہو یا حجاب، کی اجازت نہیں ہوگی۔

حجاب تنازعہ کی وجہ سے کرناٹک میں 11ویں اور 12ویں کلاس اور کالج کو بدھ (16 فروری) تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرناٹک حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ کلاسیں بند رہیں گی کیونکہ حجاب پر پابندی کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی پیر کے روز ہائی کورٹ میں سماعت ہونے والی ہے۔ تاہم اسکول دسویں جماعت تک کھلے رہیں گے۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل حجاب تنازعہ بڑھنے کی وجہ سے راجدھانی بنگلورو میں پولیس نے دو ہفتوں کے لیے تعلیمی اداروں کے قریب ہر قسم کے اجتماعات اور مظاہروں پر پابندی لگا دی تھی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com