کیجریوال حکومت دلت، غریب اور مسلمان کی دشمن ہے: کلیم الحفیظ

دوسری حکومتیں شراب بند کررہی ہیں، دہلی حکومت شراب خانے کھول رہی ہے

نئی دہلی: شراب سے سب سے زیادہ نقصان غریب کا ہوتا ہے، وہ جو پیسے کماتا ہے انھیں نشے میں اڑا دیتا ہے، بیمار ہوتا ہے، مرجاتا ہے۔ اس کے بچے سڑکوں پر آجاتے ہیں۔ ملک کی دوسری حکومتیں نشے کے خلاف مہم چلارہی ہیں،گجرات اور بہار میں شراب پر پابندی ہے، مگر دہلی حکومت شراب کو بڑھاوا دے رہی ہے۔ یہ حکومت دلت، غریب اور مسلمانوں کی دشمن ہے۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے کیا۔ وہ کونڈلی ودھان سبھا کے گھڑولی وارڈ میں مجلس کے دفتر کا افتتاح کرنے بعد ایک جلسے سے خطاب کررہے تھے۔صدر مجلس نے کہا کہ تمام غیر منظور شدہ کالونیوں میں دلت اور مسلمان رہتے ہیں، تمام کوڑا گھروں، گندے نالوں کے پاس جھگی جھونپڑیوں میں یہی دو قومیں آباد ہیں۔ یہاں نہ اسکول ہیں اور نہ اسپتال۔ اگر یہ دونوں قومیں ہاتھ ملالیں تو اپنی تقدیر بدل سکتی ہیں۔ کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی پر منووادیوں کا قبضہ رہا ہے چاہے حکومت کسی بھی پارٹی کی رہی ہو۔ کیجریوال نے سات سال میں دہلی کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔مفت بجلی کے نام پر وہ غریبوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے۔ اس نے شراب خانے کی تعداد میں اضافہ کیا۔ پینے کی عمر کم کردی۔ آن لائن شراب کی ڈلیوری ہورہی ہے، ایک بوتل کے ساتھ ایک فری کا آفر دیا جارہا ہے۔ کیجریوال کو معلوم ہے کہ غریب لوگ ہی سب سے زیادہ شراب پیتے ہیں۔ اس نے شراب کے ٹھیکیداروں سے اپنی انتخابی مہم کے لیے بڑی بڑی رقمیں لی ہیں۔ یہ حکومت غریبوں، دلتوں اور اقلیتوں کی دشمن ہے۔ کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی میں دلت اور مسلمان 50 فیصد سے بھی زیادہ ہیں اگر یہ دونوں قومیں ایک ساتھ ہوجائیں تو دہلی میں تینوں کارپوریشنوں میں میئر بنا سکتی ہیں۔ پروگرام میں راج کمار ڈھلور، راجیو ریاض، گیتا دیوی، رام برن، ڈاکٹر نوید اقبال نقوی، عبدالغفار صدیقی وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مجلس کے کارکنان نے ڈھول نگاڑوں اور پھول مالاؤں کے ساتھ دہلی صدر کا استقبال کیا ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com