نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے طالب علم اور نوجوان فاضل دارالعلوم دیوبند ابو مسعود قاسمی کو دہلی یونیورسٹی کے اٹھانویں (98) تقسیمِ اسناد تقریب کے موقع پر دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ کے ہاتھوں عرش ملسیانی میموریل میڈل اور مرزا غالب ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا. یہ ایوارڈ انہیں دہلی یونیورسٹی کے شعبہ اردو( ایم. اے) میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے کی وجہ سے دیا گیا ہے.
واضح رہے کہ ابو مسعود قاسمی کا تعلق بیگو سرائے ضلع کے برونی تھانہ حلقہ سے متصل گرہرہ سے ہے،مولانا محمد نظام الدین صاحب قاسمی کے صاحبزادہ ہیں. ان کی ابتدائی تعلیم مدرسہ ضیاء العلوم برئے پورہ،بیگو سرائے سے اور تکمیلِ حفظِ قرآن، مدرسہ تجوید القرآن خیروا ضلع موتیہاری سے ہوئی اس کے بعد ثانوی سے لیکر فضیلت تک کی تعلیم دارالعلوم دیوبند میں حاصل کی. انہوں نے بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ سے وسطانیہ، فوقانیہ اور مولوی تک کی تعلیم حاصل کی اور گریجویشن آر.سی.ایس. ایس.کالج بیہٹ بیگو سرائے سے کرنے کے بعد دہلی یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں ایم اے سیشن 2019-2021 میں داخلہ لیا اور اعزازی نمبرات سے کامیابی حاصل کی. اس اہم ترین اعزاز حاصل کرنے پر ان کے والدین، شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور ان کے احباب و متعلقین نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لئے مزید کامیابیوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے. ابو مسعود قاسمی کی اس کامیابی پر ڈین آف آرٹس فیکلٹی اور ایچ. او. ڈی.شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی کی پروفیسر نجمہ رحمانی، پروفیسر محمد کاظم، پروفیسر ابو بکر عباد، پروفیسر ابن کنول،پروفیسر ارتضی کریم، پروفیسرمحمد امتیاز احمد خان، پروفیسر ارشاد نیازی، پروفیسر علی احمد ادریسی، پروفیسر ارجمند آرا، ڈاکٹر شازیہ عمیر، اس کے علاوہ ان کے رشتہ داروں میں سیف الرحمن صاحب (ایس پی) ضیاء الرحمن صاحب(بی ڈی او) ان کے برادران ابوذر، ابو سعید اور ان کے احباب میں محمد ارشاد قاسمی، ریسرچ اسکالر شعبہ عربی، مفتی شعیب قاسمی اور مولانا منہاج الدین صاحب امام مسجد گرہرہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔