دہلی کے چار بڑے اسپتالوں میں 6 سال کے اندر 5724 بچوں کی موت، آر ٹی آئی سے انکشاف

نئی دہلی: دہلی میں واقع مرکزی حکومت کے چار اسپتالوں میں ساڑھے چھ سالوں کے دوران ہر ماہ اوسطاً 70 بچوں کی موت ہوتی ہے۔ سب سے زیادہ خراب حالت صفدر جنگ اسپتال کی ہے جہاں 81 مہینے سے ہر ماہ تقریباً 50 نومولود کی جان چلی گئی۔

صفدر جنگ اسپتال کے علاوہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، کلاوتی سرن اسپتال اور سوچیتا کرپلانی اسپتال نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی جانب سے حق اطلاعات (آر ٹی آئی) قانون کے تحت دائر کی گئی علیحدہ درخواستوں کے جواب میں یہ معلومات فراہم کیں۔

آر ٹی آئی درخواست میں جنوری 2015 سے جولائی 2021 کے درمیان ان اسپتالوں میں فوت ہونے والے نوزائیدہ بچوں کی تعداد کے بارے میں معلومات مانگی گئی تھیں۔ اس کے ساتھ یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ ان بچوں کی موت کی وجوہات کیا ہیں؟

صفدر جنگ اور سوچیتا کرپلانی اسپتالوں نے ستمبر 2021 تک کا ڈیٹا فراہم کیا ہے۔ آر ٹی آئی کے تحت موصول ہونے والے جواب کے مطابق اس مدت کے دوران ان اسپتالوں میں 3.46 لاکھ سے زیادہ بچے پیدا ہوئے، جن میں سے 5724 بچوں کی موت ہو گئی۔

کل اموات میں سے چار ہزار سے زیادہ بچوں کی جان صرف صفدر جنگ اسپتال میں ہی چلی گئی۔ تاہم صفدر جنگ اسپتال میں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ کلاوتی سرن اسپتال کے علاوہ دیگر اسپتالوں نے بچوں کی موت کی وجہ نہیں بتائی، جبکہ رام منوہر لوہیا اسپتال نے بچوں کی اموات کی تعداد نہیں بتائی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com