مہاراشٹر کے پونے میں دیویندر فڑنویس کو لگاتار مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسا ہی کچھ 6 مارچ کو دیکھنے کو ملا جب نہ صرف فڑنویس کی کار پر ایک شخص نے چپل پھینک دی، بلکہ فڑنویس اور بی جے پی کے خلاف خوب نعرے بازی بھی ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو پمپری-چنچوڈ علاقے میں بی جے پی اور این سی پی کارکنان ایک دوسرے کے سامنے آ گئے۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنان کے درمیان تصادم کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اس درمیان این سی پی کارکنان نے ‘مودی چور ہے’ جیسے نعرے بلند کرنے لگے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس نعرے بازی کے درمیان ہی کئی این سی پی کارکنان نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور مہاراشٹر اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر دیویندر فڑنویس کی کار پر حملہ بول دیا۔ ایک شخص نے اپنی چپل اتار کر کار کی طرف پھینکی۔ ماحول خراب ہوتا ہوا دکھائی پڑ رہا تھا لیکن پولیس نے لاٹھی چارج کر کے کسی طرح حالات کو قابو میں کیا۔
واضح رہے کہ فڑنویس ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرنے کے لیے پمپری-چنچوڈ پہنچے تھے۔ اسی وقت بی جے پی اور این سی پی کارکنان ایک دوسرے کے سامنے آ گئے۔ فڑنویس کو اس دوران کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کی تگ و دو کے بعد حالات بہتر ہوئے۔






