اسد الدین اویسی نے یوپی کے نتائج کو ‘ 20-80’ کی جیت قرار دیا

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سربراہ اسدالدین اویسی نے جمعرات کو اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے نتائج کو 20-80 کی جیت قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ہندوستانی جمہوریت میں یہ ماحول کئی سالوں تک برقرار رہنے والا ہے۔ حیدر آباد کے رکن پارلیمنٹ، جن کی پارٹی نے 100 اسمبلی سیٹوں پر انتخاب لڑا، لیکن وہ کوئی بھی سیٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، ظاہری طور پر وہ یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ’80 فیصد بنام 20 فیصد’ تبصرہ کا تذکرہ کر رہے تھے۔

اویسی نے کہا کہ حالانکہ نتائج پارٹی کی امید کے مطابق نہیں رہے، لیکن وہ ریاست میں کام کرنا جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ”ہم نے بہت کوشش کی۔ نتائج ہماری امیدوں کے مطابق نہیں ہیں، لیکن ہم کمزوری پر کام کر کے مزید محنت کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ اتر پردیش میں ہماری پارٹی کا مستقبل اچھا ہوگا۔” اویسی نے مزید کہا کہ ان کا حوصلہ بلند ہے اور پارٹی گجرات، راجستھان اور دیگر ریاستوں میں بھی اسمبلی انتخاب لڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ ”میری پارٹی کے کئی مقاصد ہیں اور ان میں سے ایک ہے سیاسی قیادت تیار کرنا۔”

اپنے بیان میں اسدالدین اویسی نے اتر پردیش کے لوگوں کا شکرہی بھی ادا کیا جنھوں نے ان کی پارٹی کو ووٹ دیا۔ انھوں نے پارٹی کے ریاستی لیڈروں اور دیگر ریاستوں کے لیڈروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے اتر پردیش میں کام کیا اور انھیں ہمت نہ ہارنے کی صلاح دی۔ اویسی نے ‘بھاگیداری پریورتن مورچہ’ کے سبھی پارٹیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جس میں اے آئی ایم آئی ایم بھی شامل تھی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com