بسفی مدھوبنی: (ملت ٹائمز) آج کے اس ترقی یافتہ دور میں تعلیم کی اہمیت کافی حدتک ختم ہوتی جارہی ہے ، حالانکہ تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور بے معنی ہے،آج وہی ملک اور قوم آگے ہے جو تعلیم یافتہ ہے،ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مدظلہ العالی امیر شریعت بہار اڑیسہ وجھار کھنڈ نے کیا،وہ آج جامعہ عائشہ صدیقہ نورچک بسفی میں ختم بخاری شریف کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں طالبات اور عوام الناس کو خطاب فر ما رہے تھے۔
امیر شریعت نے مزید کہاکہ ترقی کی راہ تعلیم سے طے ہوتی ہے ،تعلیم کے بغیر ہر شخص نامکمل اور ادھورا ہے،انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم نسواں وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،ہماری بچیاں جب دینی تعلیم سے آراستہ ہوں گی تو ہمارے معاشرے کا ماحول خوشگوار ہوگا،تمام طالبات تقوی وطہارت پر گامزن رہتے ہوۓ زندگی گزاریں_
اس سے قبل پروگرام کا آغاز عافیہ ناز کی تلاوت اور فاطمہ ناز بنت مولانا نسیم احمد صاحب قاسمی کی نعت سے ہوا،پروگرام میں واجدہ پروین نے استقبالیہ روحی فاطمہ نے تاثرات اور ام زینب نے الوداعیہ ترانہ اور اقرا شاکر نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ،نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی صاحب نے اپنے خطاب میں کہاکہ یقینا آپ کا ادارہ تعلیم وتر بیت کا گہوارہ ہے ،جہاں دینی تعلیم کی آبیاری ہوتی ہے ،اللہ اس ادارہ کو مرکز رشدو ہدایت بناۓ،پٹنہ سے تشریف لاۓ جناب شمیم الہدی صاحب ایڈو کیٹ پٹنہ ہائ کورٹ نے کہا کہ ملکی حالات سے حراساں اور پریشاں ہونے کی ضرورت نہیں ہے جب علم کے ساتھ عمل آءیگا تو دنیا ہماری قیادت تسلیم کریگی،مولانا ڈاکٹر شکیل احمد قاسمی نے ذمہ داران جامعہ سے کہاکہ آپ نے اس ادارہ کا قیام کرکے جرات مندانہ کام کیا ہے ،آپ عالمہ کے ساتھ مومنہ بنا رہے ہیں _
جامعہ کے بانی وناظم حضرت مولانا ومفتی محمد حسنین صاحب قاسمی نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنے تہنیتی خطاب میں کہاکہ یہ علاقہ تعلیمی اعتبار سے بہت پسماندہ تھا ،جامعہ کے قیام سے دینی تعلیم کا حصول کافی حدتک آسان ہوگیا،بہت کم وقت میں بچیاں آنے لگیں ،حضرت عائشہ سے اس ادارے کا انتساب محض اتفاق نہیں ہے بلکہ اسکے پس پشت یہ تمنا تھی کہ یہاں کی طالبہ تفقہ فی الدین کی آءنہ دار ہوں _
جامعہ کے بانی وصدر حضرت مولانا نسیم احمد صاحب قاسمی نے کہاکہ جامعہ میں تعلیم سے زیادہ تربیت پر توجہ دی جاتی ہے ،اسی وجہ سے یہ اپنے علاقے میں تحریکی شکل اختیار کر چکا ہے ،واضح رہے کہ جامعہ عاءشہ کے صحن میں مسجد عائشہ کی تعمیر مکمل ہونے پر امیر شریعت کی امامت میں مسجد کا باضابطہ افتتاح ہوا_
پروگرام میں حضرت امیر شریعت ناءب امیر شریعت،امارت شریعہ کے قاءم مقام ناظم حضرت مولانا شبلی صاحب قاسمی ،مفتی اعجاز صاحب دملہ ،سابق ایم ایل اے ڈاکٹر فیاض احمد صاحب کے علاوہ علماء کرام ،مدارس کے ذمہ داران واءمہ مساجد اور دانشوران قوم وملت کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔






