مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی اپیل کرنے والے مجرم یتی نرسنگھانند کے خلاف چلایا جائے NSA کا مقدمہ: آل انڈیا امامس کونسل

نئی دہلی: (پریس ریلیز) ضمانت پر باہر آئے متنازع اور نام نہاد سادھو یتی نرسنگھانند کے دہلی میں مسلمانوں کے خلاف کھلے عام ہتھیار اٹھانے کی اپیل پر آل انڈیا امامس کونسل کی نیشنل سیکریٹریٹ نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ نیشنل سیکریٹریٹ نے کہا کہ: ” اس ملک سے اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب سے محبت کرنے والے لوگ ایسے گھٹیا عناصر کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ یہ ہمارے ملک کو خانہ جنگی کی آگ میں دھکیلنے کی گھناؤنی سازش ہے ۔ یتی نرسنگھانند اور سریش چوہان جیسے دیش کے غداروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف نیشنل سیکیورٹی ایکٹ (NSA) کے مطابق مقدمہ چلایا جائے”۔

نیشنل سیکریٹریٹ نے کہا کہ: “اس طرح کی بیان بازی کرنے والوں کو دراصل فسطائی حکمرانوں کی پشت پناہی حاصل ہے، جس کی وجہ سے یہ غنڈے بے مہار دندناتے پھر رہے ہیں۔ کئی مقدمات میں ماخوذ، ضمانت پر رہا، جرائم پیشہ عناصر کو اس طرح کی ملک مخالف سرگرمیوں کو انجام دینے کی ہمت کہاں سے مل رہی ہے؟ ملک میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانے والوں پر قانونی شکنجہ کسنے میں ناکام حکمرانوں کا جانب دارانہ رویہ ملک کے مستقبل کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

 نیشنل سیکریٹریٹ ہندستان کی راجدھانی دہلی میں ہندو مہا پنچایت کے انعقاد اور اس میں یتی نرسنگھانند اور سریش چوہان جیسے ہندوتوا دہشت گردوں کی شرکت اور مسلمانوں پر مسلّح حملہ کرنے کے کھلم کھلا اعلان کو ملک کی جمہوریت، دستور، سالمیت اور عوام کے لیے بہت بڑا چیلنج سمجھتی ہے؛ دیش اور قانون کے خلاف کھلے عام ہتھیار اٹھانے کے اعلان پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی پر اسرار خاموشی کو بھی اس سازش کے حصے کے طور پر دیکھتی ہے۔

سوال یہ ہے کہ بے قصور مسلم سماجی کارکنوں کو جیل میں بھرنے والی دہلی پولیس اب ہندوتوا دہشت گردوں کے کھلے طور پر قتلِ عام کے اعلان پر کوئی کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے؟۔اقتدار میں بیٹھے لوگو نا تم ہمیشہ رہوگے اور نا تمھارا اقتدار ہمیشہ رہیگا ،ملک کو بربادی سے بچانے کی ذمے داری سب کی ہے ، ظلم کی ٹھنی کبھی پھلتی نہیں ہے ،

آل انڈیا امامس کونسل کی نیشنل سیکریٹریٹ پورے ملک کے امن پسند عوام سے اپیل کرتی ہے کہ: “ہندوتوا دہشتگردی کے اس گھٹیا اعلان اور ملک مخالف پروپیگنڈہ کے خلاف مضبوط موقف کا اظہار کریں۔ عوام میں بیداری پیدا کرنے کے ساتھ پورے ملک میں ایسے عناصر کے خلاف نیشنل سیکیورٹی ایکٹ (NSA) کے تحت مقدمات درج کرائیں اور مضبوط قانونی کارروائی کریں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com