جہانگیرپوری میں انہدامی کاروائی ادارہ جاتی مسلم دشمنی کا ظالمانہ اظہار: پاپولر فرنٹ

نئی دہلی: (پریس ریلیز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی قومی مجلس عاملہ کے بروز بدھ (20 اپریل 2022 کو) چنئی میں منعقدہ اجلاس میں پاس کردہ ایک قرارداد میں کہا گیا کہ رام نومی کی ریلیوں کے بعد سے بنے ملک کے حالات انتہائی خطرناک ہیں جو ایک قریبی نسل کشی کا پیش خیمہ ہیں۔

 مسلم مخالف اشتعال انگیزی اور تشدد مختلف ریاستوں میں ایک ساتھ اور اتنے وسیع پیمانے پر واقع ہوئے جو ایک بڑے منصوبے کا پتہ دے رہے ہیں۔ ہندوتوا کی حمایت یافتہ بھیڑ کو مسلم محلوں میں لوٹ مار کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی، اور اب مسلمانوں کو محض اپنی حفاظت کی کوشش کرنے پر ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ سب سرکاری سرپرستی میں ہونے والا نسلی صفایہ ہے، اور بی جے پی کی ریاستی و مرکزی حکومتیں اس میں شامل ہیں۔

 ایک دوسری قرارداد میں پاپولر فرنٹ کی این ای سی نے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ گھروں و دیگر املاک کو منہدم کرنے کی کاروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 ہندوتوا بھیڑ کے ذریعہ جہانگیرپوری کے باشندگان پر کئے گئے حملے کے چند روز بعد بی جے پی کی حکمرانی والی شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی انہدامی کاروائی ادارہ جاتی مسلم دشمنی کا ظالمانہ اظہار ہے۔ اسے قانون اور عدالتی کاروائی کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے انجام دیا گیا۔ وہاں کے باشندگان و مالکان کو نہ پہلے سے مطلع کیا گیا اور نہ ہی اس فیصلے کو چیلنج کرنے کی اجازت دی گئی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود، افسران نے کاروائی کو روکنے سے انکار کر دیا۔

 یہ دعویٰ کہ یہ کاروائی غیرقانونی قبضے کے خلاف ہے، ایک بہت بڑا جھوٹ ہے۔ ہنومان جینتی کے موقع پر سنگھ پریوار کے مظالم سے خود کی حفاظت کرنے کی جہانگیرپوری کے عوام کو سزا دی جارہی ہے۔

 دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو اس کھلی ناانصافی پر اپنی خاموشی توڑنی چاہئے۔ عوام کے حقوق کی حفاظت کرنا ان کی ذمہ داری ہے، بالخصوص اس وقت جبکہ ان کی پارٹی واضح طور پر یہ کہہ چکی ہے کہ تشدد بھڑکانے والی بی جے پی ہے۔

 پاپولر فرنٹ ملک کی مسلم تنظیموں اور پارٹیوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ان پامالیوں کے خلاف جمہوری و قانونی طریقے سے لڑائی لڑیں اور ان لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں، جن کا اس سرکاری ظلم کے سبب گھربار اور روزی روٹی ان سے چھن گئی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com