نئی دہلی: (ملت ٹائمز) جوگا بائی ایکسٹنشن بٹلہ ہاؤس کی مسجد نوح میں کل رات رمضان شریف کی 25ویں شب کے موقع پر نماز تراویح میں قرآن پاک مکمل کرلیا گیا۔اس موقع پر نمازیوں کی ایک بڑی تعداد نے امام صاحب مولانا شہزاد منصوری کے پیچھے نماز تراویح میں قرآن پاک سنا۔ختم قرآن کے بعد دعا کرائی گئی جسمیں مقامی رکن اسمبلی اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے بھی شرکت کی ور اپنے بیٹے انس خان کے ساتھ امام موصوف مولانا شہزاد منصوری کو نماز تراویح میں قرآن پاک مکمل کرنے پرمبارکباد پیش کی۔امانت اللہ خان صاحب کے بدست امام موصوف اور مسجد کے دونوں مؤذنین کو ہدیہ پیش کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق مولانا شہزاد منصوری نے سوا پارہ یومیہ کے حساب سے نماز تراویح میں قرآن پاک سنایا۔مولانا موصوف گزشتہ کئی سالوں سے جوگابائی کی مسجد نوح میں قرآن پاک نماز تراویح میں سناتے آرہے ہیں اور مولانا کے قرآن شریف پڑھنے کے انداز کو تمام نمازی بہت پسند کرتے ہیں اور نمازیوں کی ایک بڑی تعداد مولانا موصوف کی اقتدا میں نماز تراویح پڑھنے کا اہتمام کرتی ہے۔مولانا شہزاد منصوری مسجد نوح میں طویل عرصہ سے امامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔نماز تراویح میں ختم قرآن کے موقع پر مولانا ذاکر صاحب قاسمی نے لوگوں سے آپس میں درگزر کا معاملہ کرنے کے موضوع پر خطاب فرمایااور نماز تراویح میں قرآن پاک پڑھنے اور سننے کے فضائل بیان کئے۔مولانا موصوف نے سامعین کو خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ ابھی آپ حضرات نے رمضان کی ایک سنت یعنی نماز تراویح میں قرآن پاک سننے کے عمل کو مکمل کیا ہے جبکہ پورے رمضان نماز تراویح پڑھنا ایک الگ سنت ہے اس لیئے تراویح کی نماز پڑھنا ہر گز نہ چھوڑنا بلکہ پورے رمضان تراویح پڑھنا۔مولانا موصوف نے قرآن شریف کے فضائل پر بھی روشنی ڈالی اور اخیر میں رقت آمیز دعا کرائی۔اس موقع پر اما م صاحب اور مسجد کے دونوں مؤذنین محمد صالحین اور محمد سہیل کومسجد کی منتظمہ کمیٹی اور اہل محلہ نے آپسی تعاون کے ذریعہ ایک خطیر رقم بطور نذرانہ پیش کی جسے قبول کرتے ہوئے امام موصوف اور مؤذنین نے مسجد انتظامیہ اور اہل محلہ کا شکریہ ادا کیا۔






