جہانگیر پوری دہلی میں بے لگام پولس گرفتاریوں پر روک لگائی جائے: جمعیۃ علماء ہند

جمعیۃ علماء ہند کے وفد کی پولس اعلی افسران سے ملاقات ۔جہانگیرپوری کی طرف سے پانچ سو عید کٹس تقسیم، بے روزگار ہوئے لوگوں کو روزگار سے جوڑنے  کا فیصلہ

نئی دہلی: جہانگیر پوری دہلی میں بلڈوزر پر سپریم کورٹ کے ذریعہ روک لگانے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے ایک موقر وفد نے آج مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں جہانگیر پوری کا دورہ کیا اور ضرورت مندوں کے درمیان پہنچ کر ان کا دکھ جانا اور عید سے قبل ان کے گھرو ں میں خوشی لوٹاتے ہوئے، ان کے درمیان پانچ سو عید کٹس تقسیم کیں۔ایک کٹ میں ضروریات زندگی کی ۲۲/اشیاء شامل ہیں۔وفد نے اس کے علاوہ پولس محکمہ کے اعلی افسران سے ملاقات کی او ر بے قصور اور بلا وجہ ہورہی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا۔انھوں نے شکایت کی کہ پتھر بازوں کی اصطلاح بنا کر ایک خاص قوم کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بالخصوص میڈیا کے غیر ذمہ دار حلقوں نے اسے فتنے کی شکل دے دی ہے اور وہ ایک قوم کو نشانہ بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کر رکھی ہے جو کہ سراسرغلط ہے۔اس لیے ایسے حالات میں پولس محکمہ اور ان کے اعلی افسران کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور کسی قوم کو نشانہ بنانے کی روش کو روکنا چاہیے اور غریب اور نادار لوگوں کو اپنا کاروبار کرنے کا موقع دینا چاہیے۔دوسری طرف وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ لوگوں میں خوف وہراس دور کیا جائے اور ہر طبقے میں امن و امان اور علاقے کی بدامنی کو ختم کرنے کی تدبیر اختیار کی جائے۔اس موقع پر مقامی سطح پر چھ افراد پر مشتمل ایک مقامی ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ذمہ داری ادا کرے گی۔

وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند،مولانا محمد یاسین جہازی معتمد مرکز دعوت اسلام جمعیۃ علماء ہند اور مولانا محمد ذاکر قاسمی آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند بھی شامل تھے، اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ وہ لگاتار حکومت ہند کے وزیر سے لگاتار رابطے میں ہیں اور ان سے اس موضوع پر کئی بار گفتگو کی ہے۔انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم مولانا محمود اسعد مدنی صاحب کی ہدایت پر جمعیۃ علما ء ہند اول یوم سے یہاں کے متاثرہ لوگوں کی ہر طرح مدد کررہی ہے، جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا نیاز احمد فاروقی صاحب نے بلڈورز چلنے کے دن صبح سویرے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی، جہاں جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ایڈوکیٹ دشینت داوے اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ایم آرشمشاد نے عالمانہ بحث کے ذریعہ فوری اسٹے کی ہدایت حاصل کی تھی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com