ڈاکٹر ممتاز عالم رضوی اے آئی ایم آئی ایم دہلی کے ترجمان اور میڈیا انچارج مقرر

نئی دہلی: (پریس ریلیز) ڈاکٹر ممتاز عالم رضوی ملک کے مشہور صحافی،قلم کار،ادیب،شاعر اور مصنف ہیں۔ان کی قوم اور ملک کے حالات پر گہری نظر ہے۔مجھے امید ہے کہ مجلس دہلی میں ان کی آمد سے نہ صرف مجلس کو فائدہ ہوگا بلکہ امت مسلمہ کو بھی ایک بیباک ترجمان میسر آئے گا۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے پریس کو جاری ایک بیان میں کیا۔موصوف نے یہ باتیں ڈاکٹر رضوی کو مجلس دہلی کے ترجمان اور میڈیا انچارج کی ذمہ داری سپرد کرتے ہوئے موجود حاضرین اور صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ڈاکٹر ممتاز عالم رضوی کا پیدائشی وطن طیبہ پور،کوشامبی ہے، وہ ایک طویل عرصے سے دہلی میں رہتے ہیں۔ دہلی یونیورسٹی سے انھوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے، وہ بیک وقت ناول نگار،شاعر اور صحافی ہیں،اب تک نصف درجن کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔ماضی میں انقلاب میں بطور چیف آف نیشنل بیورو اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین میں ان کی شمولیت نیک فال ثابت ہوگی۔ نئی ذمہ داری ملنے کے بعد ممتاز عالم رضوی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت امت مسلمہ اور پسماندہ و دلت طبقات کو انصاف کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی پارٹیاں دھرم کی سیاست کررہی ہیں،عوام کی آواز اٹھانے والا کوئی نہیں ہے سوائے بیرسٹر اسد الدین اویسی کے۔ اس لیے میں نے مجلس کا دامن تھاما ہے تا کہ مظلوموں کے حق میں اٹھنے والی آواز میں آواز ملا کر طاقت دے سکوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی مجلس کو کلیم الحفیظ کی صدارت میں جو مقام حاصل ہوا ہے وہ قابل ذکر ہے،ان کی محنت اور خلوص نے مجلس کو دہلی کے عوام کے لیے ایک امید کا چراغ بنادیا ہے۔مجھے ان کی رہنمائی میں کام کرنے کا موقع مل رہا ہے یہ میرے لیے سعادت کی بات ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com