مظفر پور: بہار کے ضلع مظفر پور کے انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے وشال کمار نے یو پی ایس سی (یونین پبلک سروس کمیشن) کے امتحان میں 484 ویں رینک حاصل کی ہے۔ وہ اپنی کامیابی کا سہرا خاندان کے ساتھ ساتھ استاد گوری شنکر پرساد کے بھی سر باندھتے ہیں۔
نیوز پورٹل ‘آج تک’ پر شائع رپورٹ کے مطابق، وشال نے بتایا کہ کس طرح ان کے استاد گوری شنکر نے مشکل حالات میں ان کی مدد کی اور انہیں یو پی ایس سی کی تیاری کے لئے راغب کیا۔ انہوں نے بتایا “استاد گوری شنکر نے میری پڑھائی کی فیس ادا کی۔ پڑھائی کے دوران جب مجھے پیسوں کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا، تو استاد نے مجھے اپنے گھر میں رکھا۔ جب میری نوکری لگ گئی تو انہوں نے مجھے نوکری چھوڑنے اور یو پی ایس سی کی تیاری کرنے کو کہا۔ اس دوران بھی انہوں نے میری کافی مالی مدد کی۔”
مظفر پور کے مینا پور بلاک کے مقصود پور گاؤں کے رہائشی وشال کے والد کا سال 2008 میں انتقال ہو گیا تھا۔ والد مزدوری کر کے خاندان کا پیٹ پالتے تھے۔ وشال کی والدہ رینا دیوی نے اپنے والد کا سایہ سر سے اٹھنے کے بعد بکریاں اور بھینسیں پال کر مشکل سے خاندان کی پرورش کی، تاہم انہوں نے وشال کو کبھی یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ اس کے والد اس دنیا میں نہیں رہے!