نئی دہلی: جامعہ ہمدرد کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ یونیورسٹی کی جامعہ ہمدرد ریذیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (جے ایچ آر سی اے) کے 06 طلبہ کو یو پی ایس سی سول سروسز امتحان 2022 – میں منتخب کیا گیا ہے۔
(1)شمبھوی مشرا – رینک: 116
(2)محمد قمر الدین خان – رینک: 414
(3)معصوم راجہ خان – رینک: 457
(4)راجیش کمار – رینک: 522
(5)مککمیوم حسنی مبارک – رینک: 575
(6)اجے مینا – رینک: 610
جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) محمد افشار عالم نے انہیں مبارکباد دی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تمام منتخب طلباء اور جامعہ ہمدرد کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ جامعہ ہمدرد کے چانسلر جناب حماد احمد نے بھی جامعہ ہمدرد ریذیڈنشل کوچنگ اکیڈمی کے تمام منتخب طلبہ کو ان کی بڑی کامیابی پر مبارکباد دی۔
جامعہ ہمدرد ریذیڈنشل کوچنگ اکیڈمی (جے ایچ آر سی اے) نے اپنے قیام سے لیکر آج تک مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہر سال UPSC، ریاستی پبلک سروس کمیشن اور دیگر مسابقتی امتحانات میں اچھے نتائج دیے ہیں۔ JHRCA طلباء کو UPSC، SPSC اور دیگرمقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے بہترین اساتذہ، اچھا تعلیمی ماحول، لائبریری وغیرہ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔
جامعہ ہمدرد کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی نے قیام سے لے کر اب تک ہزار سے زائد امیدواروں کو تربیت اور کوچنگ دی ہے۔ جن میں سے 370 سے زائد امیدواروں نے مرکزی اور ریاستی خدمات بشمول یو پی ایس سی سول سروسز میں ملازمتیں حاصل کی ہیں۔ اس سے قبل 2016 میں بلال محی الدین بھٹ نے 10ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس اکیڈمی سے UPSC 2017 سول سروسز امتحان میں آل انڈیا رینک میں فضل الحسیب نے 36 واں رینک حاصل کیا، 2018 میں نندنی مہاراج نے 42 واں رینک حاصل کیا، 2019 میں ہمانشو گپتا نے 27 واں رینک حاصل کیا اور 2020 میں ونائک چماڈیا نے47 واں رینک حاصل کیا۔