اہانت رسول کے خلاف مظاہروں پر پولیس بربرتا تشویش ناک: ایس آئی او

بی جے پی کے ترجمان نپور شرما اور نوین کمار جندال کے گستاخانہ بیانات کے خلاف پورے ملک میں ہورہے احتجاجی مظاہروں پر پولیس کی جانب سے کیے جانے والے جارحانہ اقدامات پریشان کن ہیں۔ خاص طور پر رانچی اور الہ آباد میں پولیس کی بربریت کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں پولیس کی جانب سے احتجاجیوں پر لاٹھی چارج اور کھلے عام فائرنگ نے ایک اور مرتبہ پھر ملک بھر کی پولیس اور انتظامیہ کے اسلاموفوبیا، فرقہ پرستی اور ظلم کو بے نقاب کردیا ہے۔

 ایک طرف نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے والے حکومت کی سرپرستی اور حفاظت میں ہیں، وہیں ملک بھر میں سینکڑوں مسلمانوں کو اندھا دھند جھوٹے مقدمات کے تحت حراست میں لیا گیا۔ فسادات کے مجرم بنا کر ان کے گھروں کو بغیر کسی کارروائی کے مسمار کیا جارہا ہے۔ پولیس کے ان اقدامات میں قانون کی حکمرانی اور غیر جانبداری کی کوئی جھلک نہیں ہے۔

 الہ آباد میں رات گئے سماجی کارکن جاوید محمد کی غیر قانونی گرفتاری اور خواتین اور بچوں سمیت ان کے خاندان کے افراد کو ہراساں کیے جانا تشویش ناک ہے۔ ان پر لگائے گئے الزامات بالکل جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ حکومت سے سخت سوالات کرنے والوں پر لگام لگانے کے لیے انہیں پھنسایا جا رہا ہے۔ اس قسم کے اقدمات دہلی میں سی اے اے تحریک کے دوران بھی دیکھے گئے اور اس بار بھی کئ مقامات پر دیکھا جارہا ہے۔

یہ واضح ہے کہ ہندوتوا طاقتیں جان بوجھ کر مسلمانوں کو اکسانے اور ملک میں سماجی بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ حکومت کی بے عملی سے حوصلہ پا کر ساتھ ہی غیر اخلاقی میڈیا کی مدد سے انہوں نے نفرت انگیز تقاریر اور بیانات کا ایک سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعہ ہندوستان کی مسلم آبادی اور ان کے عقائد کو بدنام کیا کا رہا ہے۔

جہاں ہمیں ملک میں نفرت سے لڑنے اور اقلیتوں کی جان اور عزت کے تحفظ کی جدودجہدکرنا چاہیے، وہیں ہمیں بھڑکانے کی ان کوششوں کا ادراک ہونا چاہیے۔ مزاحمت کے لیے نظم و ضبط کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمیں ثابت قدم اور پرامن رہنا چاہیے۔ ہمارے احتجاج اور مظاہروں میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ ہم فسطائی طاقتوں کو معاشرے میں دوریاں پھیلانے اور مسلمانوں کو زک پہنچانے کے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com