حضرت امیر شریعت کی صدارت میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ، شام سات بجے سے نو بجے تک ہو گا مریضوں کا علاج
مولانا سجاد میموریل اسپتال امارت شرعیہ کا ڈینٹل ڈپارٹمنٹ ان شعبوں میں سے ہے ، جہاں مریضوں کی کثیر تعداد روزانہ استفادہ کرتی ہے ۔ اس وقت اس شعبہ کے ہیڈ جناب ڈاکٹر سید یاسر حبیب اور ان کے معاون ڈاکٹر نظیر الحق مریضوں کو دیکھتے ہیں ۔ مریضوں کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے ڈینٹل ڈپارٹمنٹ میں شام کی شفٹ کا آغاز مورخہ 15 جون 2022 سے کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر ایک دعائیہ تقریب امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی ، جس میں نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب ، قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب، اسپتال کے سکریٹری جناب مولانا سہیل احمد ندوی صاحب، مرکزی دارا لقضاء امارت شرعیہ کے قاضی جناب مولانا انظار عالم قاسمی صاحب ، ڈاکٹر سید یاسر حبیب صاحب، ڈاکٹر نظیر الحق صاحب ، ڈاکٹر نصرت یاسمین صاحبہ، جناب اعجاز صاحب ، جناب اصغر علی صاحب، جناب صبغۃ اللہ رحمانی صاحب ، جناب ہمایوں اشرف صاحب، جناب مولانا سہیل سجاد قاسمی صاحب ، مولانا فاروق رحمانی، جناب نیر اعظم صاحب، محمد عادل فریدی اور اسپتال کے دیگر ملازمین شریک ہوئے ۔
اس موقع سے حضرت امیر شریعت نے ڈینٹل ڈپارٹمنٹ کے دونوں ڈاکٹر وں اور دیگر اسٹاف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے مریضوں کی ضرورت کا خیال کرتے ہوئے شام کی شفٹ کا آغاز کرکے بہت اچھا کام کیا ہے ، امید ہے کہ اس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہونچے گا۔ حضرت امیر شریعت اور دیگر اکابر امارت شرعیہ نے ڈپارٹمنٹ کا معاینہ بھی کیا اور جدید مشینوں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا، ڈاکٹر یاسر حبیب صاحب نے بتایا کہ اس وقت دانتوں کے روٹ کنال کے لیے جدید مشین انڈو موٹر اور ڈیجیٹل اکسرے مشین لی گئی ہے ، جس سے روٹ کنال کرنے میں بہت ہی آسانی ہوگئی ہے ۔
واضح ہو کہ شام کی شفٹ سات بجے شام سے نو بجے رات تک ہو گی اور ڈاکٹر سید یاسر حبیب صاحب اور ڈاکٹر نظیر الحق صاحب اس وقت مریضوں کا علاج کریں گے ۔اسپتال کے سکریٹری جناب سہیل احمد ندوی صاحب نے بتایا کہ حضرت امیر شریعت مد ظلہ کی خصوصی توجہ اسپتال کو جدید آلات سے آراستہ کر کے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اسپتال کی خدمت کا دائرہ پھیلانے کی طرف ہے ۔ ان شاء اللہ جلد ہی مریضوں اور ان کے اٹینڈنٹ کے لیے آرامدہ ویٹنگ ہال بنایا جائے گا ۔ اور بھی کئی اہم اور مفید منصوبے زیر غور ہیں جو ان شاء اللہ جلد ہی شروع کیے جائیں گے ۔آخر میں حضرت امیر شریعت کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔