کیرالہ: راہل گاندھی کے دفتر میں توڑ پھوڑ معاملے پر کئی جگہ مظاہرے، سب انسپکٹر معطل

کیرالہ کے وائناڈ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے وائناڈ واقع دفتر میں جمعرات کو توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ کانگریس نے اس توڑ پھوڑ کا الزام ایس ایف آئی کارکنان پر عائد کیا ہے۔ اس واقعہ کی کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ بعد ازاں حکومت نے جمعہ کی شب اے ڈی جی پی عہدہ کے افسر کو اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ جانچ پوری ہونے تک کلپیٹا کے پولیس سَب انسپکٹر کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔

اس درمیان راہل گاندھی کے دفتر میں توڑ پھوڑ سے ناراض کانگریس کارکنان نے ریاست بھر میں کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے۔ کانگریس کارکنان نے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین پر الزام عائد کیا ہے کہ کیرالہ کی برسراقتدار پارٹی سی پی ایم کی اسٹوڈنٹس وِنگ یعنی فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کا احتجاجی مارچ اور راہل گاندھی کے دفتر میں توڑ پھوڑ ان کی جانکاری میں کی گئی ہے۔

اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سی پی ایم کی اعلیٰ قیادت کو اس معاملے کی پوری جانکاری تھی۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو کیا موقع پر موجود ضلع پولیس کا اعلیٰ افسر محض تماشائی بنا رہتا؟ انھوں نے کہا کہ ”آر ایس ایس کی طرح سی پی ایم گاندھی کو پسند نہیں کرتی ہے اور اس لیے مہاتما گاندھی کی تصویر کو ایس ایف آئی کارکنان نے ہٹا دی۔” اپوزیشن کے لیڈر وی ڈی ستیسن نے اسے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کے دفتر کے ذریعہ تیار کیا گیا ‘گیم پلان’ قرار دیا، کیونکہ وہ ان کے اور ان کے کنبہ کے خلاف دھماکہ خیز انکشافات کے بعد سونے کی اسمگلنگ معاملے سے لوگوں کا دھیان ہٹانا چاہتے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com