اُدے پور کے واقعۂ قتل پر آل انڈیا ملی کونسل کی مذمت

نئی دہلی: (پریس ریریلیز)  اُدے پور میں کنہیا لال کے قتل کے واقعہ پر آل انڈیا ملی کونسل نے سخت لب ولہجہ میں مذمت کی ہے۔ کونسل سے جاری بیان میں جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ اُدے پور کے قتل کا واقعہ انتہائی سفاکانہ و شرمناک ہے او ریہ ملوث مجرمین کے ذہنی دیوالیہ پن کا مظہر بھی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہوگی۔

واضح رہے کہ کل سہ پہر میں اُدے پور کے ’ہاتھی پول‘ علاقہ کے اندر واقع ’سپریم ٹیلرس‘ کے اندر دو شخص نے جس طرح کنہیا لال پر دھاردار ہتھیار سے حملہ کرکے اس کا سفاکانہ قتل کیا، وہ بے حد افسوسناک، ہولناک اور شرمناک ہے۔ راجستھان سرکار اس معاملہ میں جہاں قانون کی بالادستی کا سخت اصول اپنائے، وہیں پورے خطہ میں امن وامان کو ہر ممکن یقینی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دے، ورنہ منافرت اور فرقہ وارانہ تصادم کا راستہ ڈھونڈنے والوں کو ماحول بگاڑنے میں دیر نہیں لگے گی۔ مقتول کے تعلق سے پولس کا بیان ہے کہ وہ 10 جون کو گرفتار بھی کیا گیا تھا، تاہم علاقہ میں دونوں فرقوں کے درمیان مصالحت کے بعد ملزم کو ضمانت دے دی گئی تھی، یہ بے حد تکلیف دہ اور ہولناک واقعہ ہے کہ دو وحشیوں نے کنہیا لال کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بہرحال اس ملک کا قانون بھی ایسے کسی جرم کی اجازت نہیں دیتا۔ اگر کوئی قانون کو ہاتھ میں لیتا ہے تو اس پر دستور کے مطابق تمام ضروری قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ ملی کونسل اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہ ہونی چاہیے۔ اس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر مجرموں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ۔ اپنے علاقے کی خبریں ، گراﺅنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ،تعلیمی اورادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com