گیان واپی مسجد معاملہ: مستقل پوجا کرنے کےلئے دائر کی گئی عرضی پر آج ہوگی سماعت

وارانسی: گیان واپی مسجد سے وابستہ معاملہ پر وارانسی کی ضلع عدالت آج سماعت کرنے جا رہی ہے۔ راکھی سنگھ کی جانب سے دائر کی گئی اس عرضی میں سنگار گوری کی مستقبل پوجا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس معاملہ میں مسلم فریق نے 30 مئی کو دلائل پیش کرتے ہوئے مقدمہ کو خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔ مسلم فریق کے دلائل آج مکمل ہوں گے، اس کے بعد ہندو فریق اپنے دلائل پیش کرے گا۔ وارانسی کی عدالت میں سماعت تقریباً 2 بجے شروع ہوگی۔

وارانسی ضلع عدالت آج اس بات پر فیصلہ کیا جانا ہے کہ مقدمہ آگے چلایا جانا چاہئے یا اسے خارج کر دینا چاہئے۔ یہ وہی مقدمہ ہے جس میں سماعت کے دوران جج ریو کمار دیواکر نے 26 اپریل کو گیان واپی مسجد کے احاطہ کا ویڈیوگرافی سروے کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس سروے کی رپورٹ 19 مئی کو عدالت میں پیش کی گئی تھی۔

سروے کے دوران ہندو فریق نے دعویٰ کیا تھا کہ مسجد کے وضو خانہ سے شیو لنگ برآمد ہوا ہے، جبکہ مسلم فریق نے اس دعوے کو یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا تھا کہ یہ شیو لنگ نہیں بلکہ فوارہ ہے۔ اسی اثنا میں سپریم کورٹ نے مسلم فریق کی عرضی پر معاملہ کو ضلع جج کی عدالت میں ٹرانسفر کرنے کا حکم صدر کر دیا تھا۔


Posted

in

,

by

Tags:

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *