راہل گاندھی کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانے کے الزام میں زی نیوز کے اینکر روہت رنجن گرفتار

نئی دہلی: (رخسار احمد) زی نیوز کے اینکر روہت رنجن کو نوئیڈا پولیس نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانے کے الزام میں اندرا پورم سے گرفتار کیا ہے۔ اسی دوران چھتیس گڑھ سے آئی رائے پور پولیس بھی روہت رنجن کو گرفتار کرنے میں مصروف تھی، لیکن رائے پور پولیس کے بجائے نوئیڈا پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

 نوئیڈا پولیس کی طرف سے کی گئی گرفتاری کو رائے پور پولیس نے ان کی طرف سے کی جا رہی کارروائی میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔ دراصل روہت رنجن کے خلاف رائے پور میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی، اس سلسلے میں رائے پور پولیس کارروائی کرنے غازی آباد پہنچی تھی۔

رائے پور پولیس نے کہا کہ درخواست گزار دیویندر یادو کی رپورٹ پر 3 جولائی کو تھانہ سول لائن، رائے پور میں جرم نمبر 415/22، دفعہ 153-A، 295-A، 504، 505(1) (b)، 505(1)(c)، 505(2)، 120B، 467، 469، 471، ملزم روہت رنجن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ اسی معاملے میں ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جو غازی آباد پہنچی تھی۔

 رائے پور پولیس کا کہنا ہے کہ، اس معاملے میں رائے پور پولیس کی مناسب کارروائی کے بعد، پولیس ٹیم آج صبح ملزم کے غازی آباد کی رہائش گاہ پر پہنچی تاکہ مجاز عدالت کے ذریعہ ملزم کے خلاف جاری کردہ وارنٹ کی تکمیل کی جاسکے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ۔ اپنے علاقے کی خبریں ، گراﺅنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ،تعلیمی اورادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com