خوف وہراس کے نفسیات سے باہرنکل کرمیدان عمل میں آئیں: انیس الرحمن قاسمی

آل انڈیاملی کونسل پوری ریاست میں یوم آزادی تقریبات منعقدکرے گی

آل انڈیاملی کونسل بہارکی مجلس عاملہ کی میٹنگ مختلف تجاویزکے ساتھ اختتام پذیر

پھلواری شریف: (پریس ریلیز) آل انڈیاملی کونسل بہارکے مجلس عاملہ کی ایک اہم نشست آج ریاستی دفترپھلواری شریف پٹنہ میں ہوئی، اس میٹنگ کی صدارت ریاستی صدرمولاناڈاکٹرعتیق الرحمن قاسمی نے کی،اس میٹنگ میں ملک کے موجودہ حالات پر سیاسی،سماجی اعتبارسے غوروخوض کیاگیا،ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت کے سدباب پربھی گفتگوہوئی،اسی طرح 76ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پٹنہ اورریاست کے مختلف اضلاع میں یوم آزادی تقریبات کے انعقادکے سلسلے میں بھی بات چیت ہوئی،عاملہ نے اتفاق رائے سے یہ تجویزمنظورکی کہ آل انڈیاملی کونسل ملک کی فضاکوبہتر بنانے کی غرض سے بین مذہبی اورقومی یکجہتی کی تحریک پوری ریاست اورپھرپورے ملک میں چلائے گی،تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت کی آگ کوٹھنڈی کی جاسکے،ملی کونسل کوشش کرے گی کہ غیرمسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کراس مشن کوپوری قوت سے چلائی جائے،اس سلسلے میں ملی کونسل مستقبل قریب میں پورے ریاست کے ہربلاک میں چھوٹے بڑے پروگرام کرے گی،اسی مناسبت سے یہ تجویزبھی طے کی گئی کہ ماہ اگست میں مجاہدین آزادی کے کارناموں اورخدمات نیزان کی ہندومسلم یکجہتی آپسی بھائی چارہ کے ساتھ،انگریزوں سے مقابلہ اورملک کی آزادی کے لیے قربانیوں پرپوری ریاست میں سمینار،سمپوزیم اورپروگرام منعقدکرے گی،(اگست میں ان شاء اللہ ملی کونسل سبزی باغ،کرجی،عالم گنج، ہارون نگر،سلطان گنج،شاہ عمیرفاؤنڈیشن گاندھی میدان،پھلواری شریف پٹنہ،ویشالی،مدرسہ جامعہ ہدایت گیا،مدھوبنی،دربھنگہ میں ہرسنگھ پور،جمال پورجالے نیزمشرقی چمپارن اورسوپول میں متعددپروگرام کرے گی)،تاکہ عوام کوہمارے مجاہدین آزادی کی آپسی بھائی چارہ اورقربانیوں کی تاریخ سے واقف کرایاجاسکے،مجلس عاملہ نے تمام اسکول،مدارس،کالج اورسماجی وتعلیمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ 15اگست کی مختلف تاریخوں میں سمیناراورسمپوزیم اس موضوع پرمنعقدکریں جس میں سبھی مذاہب کے لوگوں کوشریک کریں،ائمہ مساجداس موضوع پرتقریروں کااہتمام کریں۔ اس میٹنگ سے گفتگوکرتے ہوئے قومی نائب صدرمولاناانیس الرحمن قاسمی نے کہاکہ حالات چاہے جیسے ہوں،خوف کی نفسیات میں مبتلانہیں ہونا چاہیے،کیوں کہ خوف وہراس انسان کی فکری وعملی قوت کوتباہ کردیتی ہے،ایک مسلمان کوکسی بھی حالت میں بزدلی اورگھبراہٹ کامظاہرہ نہیں کرناچاہیے،بزدلی ایمان کے منافی ہے،حق اورباطل کی کشمکش اورانسان اورشیطان کی جنگ حضرت آدم ؑ سے شروع ہوئی اورقیامت تک جاری رہے گی،کامیابی اسی کوملے گی جوپوری استقامت کے ساتھ اللہ کے احکام پرعمل پیراہواوراس راہ میں ہرطرح کی قربانیاں دینے کوتیارہو،جبکہ ریاستی صدرمولاناڈاکٹرعتیق الرحمن قاسمی نے کہاکہ ملی کونسل کی تحریک قومی یکجہتی قابل مبارک بادہے،جب ہم برادران وطن کے ساتھ مل بیٹھیں گے توانہیں اسلام کی حقیقی شناخت ہوگی،غلط فہمیاں ختم ہوں گی توآپسی محبت کوفروغ حاصل ہوگا،برادران وطن کی اکثریت سادہ لوح اورامن پسندہے،بعض لوگوں نے غلط فہمیاں پھیلائی ہیں بس اس غلط فہمی کودورکرنے کی ضرورت ہے،جبکہ ڈاکٹرعالم قاسمی جنرل سکریٹری ملی کونسل بہارنے قومی یکجہتی کی تحریک کوپوری قوت سے چلانے پرزوردیا،جناب انعام خان صاحب نے مشورہ دیاکہ کونسل اپنی میٹنگ میں برادران وطن کے فکرمندسیکولرمزاج لوگوں کوبھی مدعوکرے،اس موقع پرآل انڈیاملی کونسل کے کارگزارجنرل مولانامحمدنافع عارفی نے آل انڈیاملی کونسل بہارکے کاموں اورخدمات کی رپورٹ تفصیل سے پیش کی اورقومی یکجہتی کوفروغ دینے اورنفرت کوکم کرنے کی سلسلے میں ملی کونسل کے ذریعہ کیے گئے پروگراموں اورکوششوں کاتفصیل سے ذکرکیا،انہوں نے اپنے رپورٹ میں ملی کونسل کے ذریعہ چلائی جارہی تعلیمی تحریک مشن تعلیم 2050کابھی ذکرکیااوربتلایاکہ ملی کونسل نے بی پی ایس سی اوراردومعاون مترجم کی کوچنگ کامفت انتظام کیاتھا،جس میں شریک ہونے والے متعددطلبہ معاون مترجم کے امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں،مولاناعارفی نے اپنی رپورٹ میں آل انڈیاملی کونسل کے ذیلی دفترمظفرپورکابھی ذکرکیاجہاں ملی اسٹڈی سینٹرکامیابی کے ساتھ چل رہاہے،نیزمولاناعارفی نے ملی کونسل کے آمدوخرچ کی تفصیلات بھی مجلس عاملہ کے سامنے پیش کی،جس پراراکین عاملہ نے اپنے اطمینان کااظہارکیا،ڈاکٹرظفرعالم نے اس موقع پرکہاکہ الحمدللہ ملی کونسل نے بڑااچھاکام کیاہے،تاہم ابھی بہت کچھ کرناباقی ہے،جب کہ جناب اعجازصاحب نے کہاکہ ملی کونسل کوچاہیے کہ وہ وارڈ اورپنچایت کی سطح پربھی کمیٹیاں بناکرتنظیم کومزیدفعال بنائے،پروفیسرشمس الحسین نے جنرل سکریٹری کی رپورٹ پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ پھلواری شریف کے سلسلے میں جومنفی پروپگنڈہ میڈیامیں ہورہاہے،اس کے سدباب کی کوشش کرنی چاہیے،ڈاکٹرمظفرالاسلام عارف نے ملی کونسل کی فعال کارکردگی پر اطمینا ن کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ کونسل ایک فعال تنظیم ہے،اسے چاہیے کہ اردوکے سلسلے میں بھی حکومت سے بات کرے اوراردوکواس کاجائزحق دلانے کے لیے فعال کرداراداکرے،جب کہ ڈاکٹرسجادندوی نے کہاکہ کونسل علمااوراساتذہ کی تربیت کانظم کرے،اس میٹنگ میں گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرنورالسلام ندوی نے کہا کہ نفرت پھیلانے والوں پربالآخرایک دن محبت پھیلانے والوں کوفتح حاصل ہوگی،بس ضرورت اس بات کی ہے کہ خوف کے نفسیات سے نکل کراپنے دلوں میں ایمان کوراسخ کیاجائے،مولاناافتخارنظامی نے کہاکہ کونسل کوچاہیے کہ تعلیم کے ساتھ تربیت پربھی زوردے اورمشن تعلیم کے ساتھ تربیت کی تحریک بھی چلائے،جبکہ اعجازشعیب ہاشمی نے کہاکہ کسی بھی اہم مسئلے کے حل کی کوشش سے پہلے بہت ضروری ہے کہ اس مدعاپرغوروفکراورلائحہ عمل تیارکرنے کے ایک ٹیم بنائی جائے اوروہ ٹیم اس مسئلے کے ہرپہلوپرغوروفکرکرے اوراس سلسلے میں اس کی تمام معلومات جمع کرے،پھرمضبوط پلان تیارکیاجائے اوراس پلان کے تحت کام کیاجائے،مولانافاروق قاسمی گیانے جنرل سکریٹری کے رپورٹ پراطمینان کااظہارکیااورہرممکن مددکی یقین دہانی کرائی۔مجلس عاملہ میں پھلواری شریف میں ہونے والی حالیہ گرفتاری پرتشویش کااظہارکیاگیااوریہ مطالبہ کیاگیاکہ حکومت پھلواری شریف کوبدنام کی سازش پرروک لگائے اوربے قصوروں کورہاکرے۔مجلس عاملہ میں جن اراکین نے شرکت کی اوراپنے اخیالات کااظہارکیاان میں مولانااکرم قاسمی مدھوبنی،کریم الدین صدیقی ایڈوکیٹ پٹنہ،اقبال احمد،وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com