پاپولر فرنٹ کے خلاف آر ایس ایس نواز جماعتوں کی قرارداد کو تنظیم نے بتایا بکواس

پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی سکریٹری محمد ثاقب نے تنظیم کے خلاف پاس کردہ ایک قرارداد کو بکواس قرار دیا ہے۔ یہ قرارداد خود کو صوفی جماعت بتانے والی آر ایس ایس نواز جماعتوں کی جانب سے نئی دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں پاس کی گئی، جس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے شرکت کی۔ محمد ثاقب نے کہا کہ اس نام نہاد بین المذاہب پروگرام کے دوران بھارت کی مسلم قوم کو بدنام کرنے کے علاوہ مذہبی رہنماؤں کے بیچ بمشکل ہی کوئی دیانتدارانہ تبادلہئ خیال ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس اجلاس میں پاپولر فرنٹ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ خود کو صوفی بتانے والے فرضی دعویدار اور بے حیثیت لوگ ہیں جو چند حقیر سیاسی مفادات پر جان چھڑکتے ہیں۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ ان کے سائے کو بھی ان کی رایوں اور مشوروں کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی، بھارت کی مسلم قوم تو بہت دور کی بات ہے۔

ایسا معلوم پڑتا ہے کہ یہ پورا پروگرام فسطائی طاقتوں کے ذریعہ انہی کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا تھا تاکہ مسلم قوم اور تنظیم کی تصویر خراب کی جائے اور عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔ مسلمان اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے پروگراموں کے پیچھے کیا سیاست چل رہی ہے۔

اگر قومی سلامتی کے مشیر مسلمانوں کے مسائل کو لے کر واقعی مخلص ہیں، تو انہیں حقیقی مسلم رہنماؤں اور ملّی تنظیموں کی آواز پر توجہ دینی چاہئے جو کہ پہلے سے ہی عوام کے بیچ کام کر رہی ہیں۔ محمد ثاقب نے بی جے پی حکومت کو بھی یہ یاد دلایا کہ موجودہ حالا ت میں اس کی آئینی و قانونی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والی ہندوتوا دہشت گردی کو کچلے اور اقلیتی تنظیموں اور رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لئے حکومتی مشنری کا بے جا استعمال بند کرے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com