نئی دہلی: (پریس ریلیز) معروف دانشور اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے امریکی صدر جوبائیڈن کے گذشتہ دنوں ہوئے سعودی عرب کے دورہ کا خیر مقدم کیا اور امریکی صدر کے نام ایک خط تحریر کرکے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام کی سیاسی اور معاشی نظام میں مذکور انسانیت کی اہمیت ، اکرام انسانیت اور انسانی حقوق کی تفصیل سے وضاحت کی اور بتایا کہ اسلام میں انسانیت اور انسانی حقوق کی کتنی اہمیت ہے جس کو امریکہ سمیت پوری دنیا میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے خط کا آغاز کرتے ہوئے لکھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باوجود آپ نے سعودی عرب کا دورہ کیا جس کیلئے آپ مبارکباد کے حقدار ہیںاور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط اور قدیم رشتہ ہے جس میں مزید مضبوطی اور ترقی کے ہم خواہشمند ہیں ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اس موقع پر صدارتی اسکالر کمیشن کی تشکیل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی اور مثالی قدم بتایا ۔ اس کے ممبران اور نومنتخب چیرمین مارگریٹ اٹیکن ہگڑتی کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ اس فریضہ کی ادائیگی کیلئے مارگریٹ کا انتخاب درست اور صحیح فیصلہ ہے ۔

امریکی صدر کے نام تحریر کردہ مکتوب میں ڈاکٹر منظور عالم انسانی حقوق کے مسئلہ کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا ، انہوں نے امریکی صدر کو خطاب کرتے ہوئے لکھاکہ سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے کہا تھا کہ امریکہ کیلئے انسانی حقوق سب سے اہم موضوع ہے ، اس موقع پر میں آپ کی توجہ اسلام میں مذکور انسانی حقوق کی طرف کرانا چاہتا ہوں کہ اسلام میں انسانیت کی سب سے زیادہ اہمیت ہے ، مذہب اسلام انسان کی عزت اور عظمت کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے ، اسلام میں ذات ، مذہب ، خطہ ، رنگ ، نسل اور علاقہ کی بنیاد پر انسانوں کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی گئی ہے ۔ اسلام میں اکرام انسانیت بغیر کسی تفریق کے سب سے اہم ہے ۔ اسلام میں معاشرہ کے نظام کی بنیاد ان سات پیلرس پر ہے ۔ انصاف ، مساوات ، آزادی ، برابری ، بھائی چارہ ، شفافیت اور محاسبہ ۔ بلاشبہ یہ سات امور حکومت اور ملک کیلئے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ کسی بھی ملک کی ترقی ، خوشحالی ، کامیابی ، اقلیتوں کے حقوق اور انسانیت کے فروغ کیلئے مذکورہ سات امور کو فروغ دینا ضروری ہے ۔
ڈاکٹر منظور عالم نے مزید لکھاکہ مذکورہ ساتوں امور کو امریکہ اپنے سیاسی نظام میں نافذ کرکے دنیا بھر میں انسانیت کے فروغ کا ذریعہ بن سکتاہے اور اس طرح آج دنیا کو جن مشکلات ، پریشانیوں اور افراتفری کا سامناہے اس سے چھٹکارا ملنے میں کامیابی ملے گی ، اس طرح دنیا کے دوسرے ممالک بھی ان چیلنجز پر قابو پاسکتے ہیں کیوں کہ امریکہ سمیت پوری دنیا کیلئے سب سے اہم مسئلہ اور سب سے بڑ ا چینلج انسانی حقوق کا تحفظ ہے اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت اسلام کے نظام میں ہی واضح طور پر دی گئی ہے ۔ اسلام اکرام انسایت کوبغیرکسی تفریق کے اول مرحلہ میں ترجیح دیتا ہے اور مجھے امید ہے کہ امریکی صدر انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ان امور پر توجہ دیں گے اور دنیا بھر میں ہیومن رائٹس کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مذکورہ امور کے سلسلے میں سنجیدگی سے غور وفکر کریں گے ۔
واضح رہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کی جانب سے یہ خط گذشتہ 2 اگست 2022 کو ہندوستان میں واقع امریکی سفارت خانہ کو بھیجا گیا ہے ۔گذشتہ 15 جولائی کو امریکی صدر جوبائیڈن نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے ۔






