مختار انصاری کے بیٹے عباس کی رہائش پر یوپی پولیس کا چھاپہ، گرفتاری وارنٹ جاری

مختار انصاری کے رکن اسمبلی بیٹے عباس انصاری کی رہائش پر آج یوپی پولیس نے چھاپہ ماری کی ہے۔ دراصل لکھنؤ کی ایک عدالت نے عباس انصاری کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے پیش نظر لکھنؤ کی مہانگر پولیس نے عباس کی سرکاری رہائش 107 نمبر پر چھاپہ مارا۔ عباس انصاری پر لکھنؤ پولیس کو بغیر بتائے اسلحہ لائسنس نئی دہلی منتقل کرانے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ ان پر ایک لائسنس پر دھوکہ دہی کر کئی اسلحہ لینے کا بھی الزام ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عباس انصاری کی پیشگی ضمانت عرضی خارج ہو چکی ہے اس لیے یوپی پولیس انھیں گرفتار کرنے کے لیے لگاتار چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ غیر قانونی طریقے سے لائسنس منتقل کرنے کے ملزم عباس کو ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے مہانگر پولیس کو 10 اگست تک پکڑ کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے پہلے عباس نے عدالت میں ضمانت کے لیے عرضی داخل کی تھی جسے عدالت نے خارج کر دیا۔ ایسے میں عباس کو عدالت کے سامنے خودسپردگی کرنی ہوگی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عباس انصاری کی تلاش میں پولیس کی آٹھ ٹیمیں لگائی گئی ہیں۔ لکھنؤ کمشنریٹ کے ساتھ ہی مئو، غازی پور، اعظم گڑھ اور وارانسی سمیت کئی اضلاع کی پولیس ان کو پکڑنے کے لیے کئی مقامات پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ ایس ٹی ایف کی دو ٹیمیں بھی عباس انصاری کی تلاش میں سرگرم ہیں۔ یوپی کے کئی شہروں میں پولیس ٹیموں کی لگاتار ہو رہی چھاپہ ماری سے ماحول بھی گرم ہے۔ عباس انصاری کے سبھی موبائل نمبر لگاتار سوئچ آف بتائے جا رہے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com