بہار: نتیش کمار نے گورنر سے مانگا ملاقات کا وقت، بی جے پی کوٹے کے تمام وزرا کا استعفى متوقع

پٹنہ: بہار میں جاری سیاسی بحران کے درمیان خبر آئی ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے گورنر سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ انہوں نے گورنر سے دوپہر 12.30 بجے سے ایک بجے کے درمیان ملاقات کرنے کی درخواست کی ہے۔ یہ بھی خبر ہے کہ بی جے پی کوٹے کے تمام وزرا اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس وقت نتیش کمار کی کابینہ میں بی جے پی کے کوٹے سے 16 وزرا ہیں۔
دریں اثنا، نتیش کمار کی رہائش گاہ پر جے ڈی یو ارکان اسمبلی اور لیڈران کا اجلاس جاری ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار گورنر سے ملاقات کے لئے جا ئیں گے۔ ادھر، رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر مہاگٹھ بندھن میں شامل آر جے ڈی، کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کا اجلاس چل رہا ہے۔ صبح سے ہی رابڑی کی رہائش گاہ پر ارکان اسمبلی کے پہنچنے کی وجہ سے ہلچل بڑھ گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مہاگٹھ بندھن میں شامل جماعتوں میں وزیر اعلیٰ کے طور پر نتیش کمار کے نام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ کانگریس نے کھل کر نتیش کمار کی حکومت کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ گورنر سے ملاقات کے دوران آر جے ڈی لیدر تیجسوی یادو بھی نتیش کمار کے ساتھ موجود رہیں گے۔
وہیں بہار بی جے پی کے لیڈر اور نائب وزیر اعلی تارکیشور پرساد کے گھر پر بی جے پی کوٹے کے وزرا کا اجلاس جاری ہے۔ اس وقت بہار حکومت میں بی جے پی کے 16 وزیر ہیں، ان میں 2 نائب وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com