شہنواز عالم کو وزیر بنانے کی اٹھ رہی ہے مانگ

ارریہ: (معراج خالد) وزیراعلی اور نائب وزیر اعلی کے حلف لینے کے بعد اب سب کی نگاہیں کابینہ میں ٹکی ہیں۔ راتوں رات این ڈی اے اتحاد ٹوٹنے کے بعد بنی عظیم اتحاد کی حکومت کی پہلی کابینہ کو لے کر یہاں بحث و مباحثہ تیز ہے۔ حالانکہ نئی حکومت کی پہلی کابینہ کی تشکیل میں ابھی وقت ہے۔ لیکن بلاک حلقہ کے لوگ بالخصوص نوجوان افراد ایم ایل اے و ایڈوکیٹ شاہنواز عالم کو عظیم اتحاد کی نئی حکومت کی کابینہ میں جگہ دینے جانے کا پرزور مطالبہ کر رہے ہیں۔ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ انہیں وزیر بنانے کی مانگ میں مخالف پارٹی کے کارکنان بھی شامل ہیں۔ چوک چوراہوں سے لے کر سوشل میڈیا تک انہیں کابینہ میں شامل کیے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہنواز عالم تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک باصلاحیت رکن اسمبلی ہیں۔ لہذا ان کے وزیر بننے پر پسماندگی کا شکار سیمانچل میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ اور یہاں کے نوجوانوں کا عظیم اتحاد کی حکومت بالخصوص نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اور ان کی پارٹی سے رشتہ مضبوط ہوگا۔ وہیں مقامی سیاسی مبصرین کا بھی ماننا ہے کہ ایم ایل اے شاہنواز عالم نے ودھان سبھا کی ٹکٹ کے دوران راجد کے ذریعے دیے گئے زخم کو بھلا کر جس طرح تیجسوی یادو پر دوبارہ اعتماد کیا ہے۔ اب نائب وزیراعلی تیجسوی یادو کو بھی چاہیے کہ شاہنواز عالم کو بھی ایک بڑی ذمہ داری سونپے تاکہ پسماندگی کا شکار خطۂ سیمانچل ترقی کی پٹری پر گامزن ہو سکے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com