جنگ آزادی میں بہاریوں کی قربانیاں ناقابل فراموش، ملک کا ذرہ ذرہ ہماری قربانیوں کا گواہ

’جنگ آزادی میں بہاری مسلمانوں کا حصہ‘ کے موضوع پر آل انڈیا ملی کونسل کے زیر اہتمام پروگرام میں علما اور دانشوروں کا اظہار خیال 

 پھلواری شریف: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل نے ملک کی آزادی کی 75/ویں سال گرہ کی مناسبت سے یہ طے کیا تھا کہ پورے ملک میں ملی کونسل آزادی تقریبات کا انعقاد کرے گی،اسی سلسلہ میں آج ایک اہم پروگرام ملک کی آزادی میں بہاری مسلمانوں کاحصہ کے عنوان پرملی کونسل کے ریاستی دفتر پھلواری شریف،پٹنہ میں منعقد ہوا، اس پروگرام کی صدارت آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کی،جب کہ مہمان خصوصی کے طورپر ریاستی صدر مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن قاسمی اورمولانا ابوالکلام قاسمی شمسی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل بہار شریک ہوئے۔اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولاناانیس الرحمن قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس ملک کا ذرہ ذرہ مسلمانوں کی قربانی کاگواہ ہے، ہندوستان کی آزادی میں دیگرشہیدوں کے ساتھ مسلمانو ں نے ناقابل فراموش کردار اداکیا تھا۔1857ء اورانگریزوں سے 1757ء میں بہارپلاسی میں جنگ ہوئی اورانگریزوں کے خلاف آزادی کی جدوجہد تقریباً دوسوسال جاری رہی ِ،جس میں ہزاروں مسلمان علماء،علماء ودیگر پھانسی پر چڑھائے گئے،اورشہید ہوئے، سینکڑوں نے قید وبند کی صعوبتیں جھیلیں، تب جاکر ہمارا ملک انگریزوں سے آزادہونے میں کامیاب ہوا، مولاناقاسمی نے مزید کہا کہ جنگ آزادی کی ابتدا سے ملک کی آزادی تک ہر موڑ پر بہاریوں نے آزادی وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، متعدد شہید ہوئے،سینکڑوں گرفتارکئے گئے،اورگاندھی کی ستیہ گرہ تحریک کا آغاز بہارہی سے ہوا،جس میں ہزاروں مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،آزادی کی یہ جدوجہد امن،انصاف،باہمی اخوت اورتمام ہندوستانیوں کے لیے مساوات وبرابری دینے کے لیے کی گئی تھی،اس لیے آئندہ بھی اس ملک کی تقدیر کا فیصلہ مسلمانوں کے شمولیت کے بغیر نہیں کیا جاسکتا ہے، اورآج بھی اس کی ترقی اوربقا مسلمانوں کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ جب کہ اس موقع پر اپنے خطبہ میں آل انڈیا ملی کونسل بہار کے نائب صدر مولانا ابوالکلام شمسی قاسمی نے کہا کہ تحریک آزادی میں بہار کے تمام طبقہ کے لوگوں نے حصہ لیا، اس تحریک میں بہار کے مسلمانوں کا خاص طورپر بہار کے علماء کا کردار نہایت ہی اہم رہا،انہوں نے آگے بڑھ کر ملک کی آزادی میں حصہ لیا ہے، جس کے نتیجہ میں طرح طرح کی صعوبتوں سے دوچارہوئے، جلاوطن کئے گئے،کالاپانی میں قید کئے گئے، اوراپنی جانیں قربان کیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت اچھی پہل کہ ملی کونسل نے آزادی تقریبات کے ذریعہ اسلاف کی قربانیوں کی یاد منانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ تقریبات ملک گیر سطح پر منعقد کی جانی چاہئے۔جب کہ آل انڈیا ملی کونسل بہارکے کاگزارجنرل سکریٹری مولانامحمد نافع عارفی نے بہار کے مسلم شہدائے آزادی پر اپنا قیمتی اوروقیع مقالہ پیش کیا،جس میں انہوں نے بہار کے تقریباً 34/شہدائے آزادی کا ذکر تفصیل سے کیا، انہوں نے اپنے مقالہ میں کہا کہ ملک کی آزادی میں بہاریوں نے جو رول اداکیا تھا،وہ تاریخ کا روشن باب ہے، ملک کی سرزمین زمسلمان شہداء کے خون سے لالہ زارہے۔پروگرام کے دوسرے مہمان خصوصی مولاناڈاکٹر عتیق الرحمن قاسمی نے مجاہدین آزادی کو یادکرتے ہوئے کہا کہ اگر آج ہم آزاد فضامیں سانس لے رہے ہیں،تووہ ہمارے اسلاف کی قربانیوں کارہین منت ہے، اگر ان کی جرأت مندانہ قربانیاں نہ ہوتیں تو ملک آج بھی غلامی کی زنجیروں میں جکڑا تڑپ رہاہوتا، ملی کونسل قابل مبارک باد ہے کہ اس نے اسلاف کی یاد ذہنوں میں تازہ کرنے کے لیے آزاد ی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا، ملی کونسل کے ذمہ داروں اوربطورخاص بہار ملی کونسل کو میں دلی گہرائیوں سے مبارک باد دیتا ہوں۔اس موقع پر ڈاکٹر مظفرالاسلام صدرشعبہ علاج بالتدبیرکورنمنٹ طبیہ کالج واسپتال،پٹنہ نے اپنا مقالہ جنگ آزادی میں حکیموں کا حصہ پڑھاا،نہوں نے اپنے مقالہ میں حکیم اجمل خاں،حکیم عبد الحمید،حکیم اسحاق، حکیم عبد الوہاب وغیرہ کی قربانیوں کاذکر کرتے ہوئے حکیم اجمل خاں کے ہفتہ وار اخبار”اجمل الاخبار“کابھی ذکرکیااوریہ ثابت کیا کہ آزادی کی جنگ میں بڑا اہم کردار اداکیاہے۔آل انڈیا ملی کونسل بہار کے جنرل سکریٹری مولانا محمد عالم قاسمی نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی مسلمانوں اوربطورخاص علماء کی قربانیوں کا ثمرہ ہے، بہار اوربہار کے مسلمان آزادی کی جنگ میں صف اول میں تھے، انہوں نے اپنی قربانیوں سے ملک کے گیسوئے برہم کو سنواراہے۔

اس تقریب میں حکیم تبریز اخترلاری پرنسپل طبیہ کالج پٹنہ،ڈاکٹرغیاث الدین سابق پرنسپل طبیہ کالج پٹنہ،توحیدکبریاء سپریم ٹنڈنٹ طبیہ کالج پٹنہ،مولاناعتیق الرحمن قاسمی،قاری صہیب،ڈاکٹر ضیاء الدین سابق پرنسپل طبیہ کالج،نجم الحسن نجمی،اثرفریدی، وارث اسلامپوری، نورالسلام ندوی،محمدشاداب عرف چھوٹابھائی،مرزاذکی احمد بیگ،مولانامحمدعالم قاسمی،سید فضل اللہ قادری،سید اسحاق اثر،مشتاق احمد،شہلال عالمگیر،عین الحق ناشاد اورنگ آبادی،سید محمدارشاد، سید ظفرحسین، محمدمنت اللہ، ظفر صدیقی، داکٹرمحمد شفاعت کریم،ڈاکٹرغزالہ اسلام، زہیرہ اسلام،ثمرین انجم،غزالہ آفرین،محمدعارف اقبال، محمدرضوان،ابومنورگیلانی،اسعد اللہ قاسمی، جمال الدین قاسمی،مولانا رضاء اللہ قاسمی، مولانا نعمت اللہ ندوی،ابونصرہاشم ندوی وغیرہ شریک تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com