آئی او ایس میں منایا گیا یوم آزادی کا جشن ، خصوصی تقریب کا انعقاد

نئی دہلی: (پریس ریلیز) انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز میں 75 ویں یوم آزادی کا جشن مناتے ہوئے آج ترنگا لہرایاگیا۔ آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جھنڈا لہرایا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ بھارت کی آزادی کو 75 سال پورے ہوگئے ہیں، حالیہ دنوں میں کچھ لوگ اس آزادی کی دولت کو سلب کرنا چاہتے ہیں جس کو برقرار رکھنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجاہدین آزادی اور اکابرین کی طویل قربانیوں اور جدوجہد کے بعد ہندوستان کو آزادی کی دولت نصیب ہوئی تھی ، آزادی کی لڑائی میں ہندومسلمان ،سکھ عیسائی تمام مذہب ، علاقہ اور نسل کے لوگوں نے متحدہوکر شرکت کی جس کے بعد انگریزوں کو بھارت چھوڑنا پڑا ۔ آج بھی بھارت کے تمام مذاہب ، نسل ذات اور علاقہ کے لوگوں کے درمیان اسی طرح کے اتحاد کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر یہ بھی ضروری ہے کہ ہم بھارت میں انگریزوں کی آمد ، ایسٹ کمپنی کے ذریعہ غلام بنائے جانے کی پوری تاریخ ، برطانیہ کی حکومت اور اس دور میں ہوئے مظالم کی تفصیلات کو جانیں اورتقریبا کا انعقاد کریں ۔

 آزادی کے 75 ویں جشن کے موقع پر آئی او ایس کے زیر اہتمام ایک تقریب کا بھی اہتمام کیاگیا جس میں آئی او ایس کے نائب چیرمین پروفیسر افضل وانی ترنگاکی خوبیوں پر گفتگو کی اور بتایاکہ بھارت کا جھنڈا کیوں اہم اور ممتاز ہے اور آزادی کی یہ دولت کتنی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس موقع پر مولانا فاروق اجمل ندوی نے آئی او ایس کا تعارف کراتے ہوئے بتایاکہ ہندوستان کی آزادی کے تعلق سے آئی او ایس نے متعدد کتابیں شائع کی ہے ۔ مسلمان مجاہدین آزادی کی خدمات پر بھی آئی او ایس نے متعدد اہم کتابیں شائع کی ہے ۔آئی او ایس کے سکریٹر ی جنرل پروفیسر زیڈ ایم خان نے کہاکہ آزادی کی اہمیت ان سے پوچھیے جنہوں نے غلامی کا دور دیکھا ہے ۔برٹش انڈیا میںبھارت کے عوام کی آزادی سلب تھی ، جو لوگ آزادی کی تحریک چلارہے تھے انہیں سزائی دی جارہی تھی ، ہزاروں مجاہدین آزادی کو انگریزوں نے تختہ دار پر لٹکادیا لیکن ان کی قربانی رنگ لائی اور 1947 میں ہندوستان کو آزادی ملی ۔ پروفیسر حسینہ حاشیہ نے پروگرام کی نظامت کا فریضہ انجام دیا ۔ اس موقع پر مولانا عبد الحمید نعمانی ، محمد عالم ، صفی اختر ، وسیم احمد فہمی ، عطا ءالرحمن ، سمرہ فردوس سمیت لوگوں نے شرکت کی ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com