دیوبند: (رضوان سلمانی) انگریزوں کی غلامی سے وطن عزیز کی آزادی کے 75ویں سالگرہ کے تحت آزادی کے امرت مہوتسو کو لے کر زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ ممتازو مرکزی تعلیمی ادارے دارالعلوم دیوبند نے بھی اس میں ہمیشہ کی طرح برابر شریک ہے اور ہفتہ کو امرت مہوتسو کے تحت ادارے کے چاروں مرکزی دروازوں پر قومی پرچم لہرایا گیا اور حب الوطنی اور پیارو محبت کا پیغام دیاگیا۔’ہر گھر ترنگا ابھیان’ کے تحت حکومت کی طرف سے 13 سے 15 اگست تک ہر گھر اور اداروں پر ترنگا لگانے کی مہم شروع کی گئی ہے۔
اس مہم میں بھرپور تعاون کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند نے اپنے چاروں مرکزی دروازوں باب قاسم، باب مدنی، باب الظاہر اور باب معراج پر ترنگا جھنڈا لگا کر مہم کو کامیاب بنانے کا پیغام دیا ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے علاوہ شہر کے دیگر مدارس میں بھی پرچم کشائی اور پربھات پھیریوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس دوران علمائے کرام نے یوم آزادی کی اہمیت اور ملک کی آزادی میں علمائے کرام کی قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہاکہ ہندوستان کی آزادی میں ملک کے کروڑوں مسلمانوں اور علمائے کرام کے تعاون کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
وہیں دوسری جانب عید گاہ وقف کمیٹی دیوبند کی جانب سے بھی عید گاہ کے میدان میں آزادی کا امرت مہاتسو کے تحت 75ویں جشن یوم آزادی کی نسبت سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا اور پرچم کشائی کے ساتھ ساتھ کمیٹی کے متولی محمد انس صدیقی اور جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے کہا کہ اس ملک کی آزادی میں اہل دیوبند اور علماء دیوبند نے بڑی بڑی قربانیاں پیش کی ہیں ان کی قربانیوں کے باعث ہی ہمیں آزادی نصیب ہوئی ہے ۔انہوں نے تمام اہل وطن سے جشن آزادی کو پورے جوش وخروش کے ساتھ منانے کی اپیل کی ۔اس موقع پر مسلم فنڈ ٹرسٹ کے منیجر سہیل صدیقی ،مدنی ٹور اینڈ ٹریولس کے ڈائریکٹر عمیر عثمانی ،سابق نگر پالیکا چیئرمین انعام قریشی ،فہیم صدیقی وغیرہ موجود رہے۔