’جنگِ آزادی ہند کے گمنام مجاہدین‘ 15 اگست کو کالیکٹ میں کتاب کا رسمِ اجراء

کالیکٹ: (پریس ریلیز) بھارت کی استعماریت مخالف جنگ کی تاریخ سے 75 منتخب مجاہدین و مجاہداتِ آزادی کی مختصر حیات و خدمات پر مشتمل ایک کتاب کا 15 اگست 2022 کو کالیکٹ میں صبح 10 بجے رسمِ اجراء عمل میں آیا۔ آئی او ایس ہال، مِین چندہ، کوجھیکوڈ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام کے ہاتھوں اس کتاب کا اجراء کیا گیا۔

”جنگِ آزادی ہند کے گمنام مجاہدین“ کتاب کی اشاعت پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی قومی کمیٹی کی جانب سے آزادی کے 75 سالہ جشن کے موقع پر کی گئی۔

اس دوران خطاب کرتے ہوئے او ایم اے سلام نے کہا کہ یومِ آزادی کا جشن ہمارے ان بزرگوں کی شاندار تاریخ کو یاد کرکے منایا جانا چاہئے جنہوں نے اپنے خون سے اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اس ملک کو آزادی دلائی۔

انہوں نے کہا ”یہ صرف ایک رسم نہیں ہونی چاہئے۔ بلکہ یومِ آزادی کے جشن سے معاشرے کو ایک پیغام جانا چاہئے۔“ او ایم اے سلام نے مزید کہا ”آج جنگِ آزادی کی تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کی بہت زیادہ کوششیں چل رہی ہیں۔ حتیٰ کہ امتیازی طریقے سے مجاہدینِ آزادی کو جان بوجھ کر تاریخ سے مٹایا اور بھلایا جا رہا ہے۔ ایسے موقع پر، عوام کو متحد ہو کر اس حقیقی آزادی کو پھر سے حاصل کرنا ہوگا جو ہم سے کھو چکی ہے۔“

او ایم اے سلام نے آگے کہا ”ایک طرف بھارت کی ترقی کی بات ہو رہی ہے، تو دوسری طرف ملک جس راہ پر آگے بڑھ رہا ہے اس کو لے کر فکرمندی بھی جتائی جا رہی ہے۔“

انہوں نے کہا ”جس وقت پورا ملک آزادی کا جشن منا رہا ہے، سنگھ پریوار تقسیمِ ہند کی یاد کو کریدنے میں لگا ہوا ہے۔ آر ایس ایس کہتی ہے کہ تقسیمِ ہند کے پیچھے گاندھی کا ہاتھ تھا، اور بی جے پی کہتی ہے کہ تقسیم کے پیچھے محمد علی جناح اور جواہر لال نہرو کا ہاتھ تھا۔ لہٰذا سماج کو اس بات سے ہوشیار رہنا چاہئے کہ اس قسم کی کوئی بھی ناپاک کوشش جشنِ یومِ آزادی کی روح کو برباد نہ کرنے پائے۔

او ایم اے سلام نے دینا کے تمام لوگوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر کیرالہ کے صوبائی عہدیداران عبدالحمید، اے عبدالستار، ایس نثار، پی کے عبداللطیف اور کے کے کبیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com