راجہ سنگھ کا بیان بے ہودہ، ناشائستہ اور تکلیف دہ ایسے بدزبانوں کو لگام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے: جنرل سکریٹری بورڈ

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی تمام مسلمانوں کو اُن کے اپنے وجود اور اپنی اولاد سے بھی زیادہ عزیز ہے، اور اُن کی شان میں ہتک ادنی سے ادنی مسلمان کے لئے بھی ناقابل برداشت ہے، افسوس کہ ادھر فرقہ پرست قائدین نے مسلمانوں کے جذبات کو بر انگیختہ کرنے کے لئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم پر زبان کھولنا شروع کر دیا ہے، جس کی ایک تازہ مثال حیدرآباد کے بی جے پی لیڈر ٹی راجہ سنگھ کا بے ہودہ اور ناشائستہ بیان ہے، حکومت کو چاہئے کہ ایسے بدزبان لوگوں کو لگام دے، اس سلسلہ میں مؤثر قانون بنائے اور پہلے سے جو قانون موجود ہے، پوری قوت کے ساتھ اس کو نافذ کرے، مذہبی مقدس شخصیتوں سے لوگوں کے جذبات وابستہ ہوتے ہیں، تمام لوگوں پر اس کا لحاظ رکھنا ضروری ہے اور مسلمان علماء اور دانشوروں نے ہمیشہ اس کا لحاظ رکھا ہے، مولانا رحمانی نے مسلمانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صبر اور تحمل سے کام لیں، حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی کریں اور ایسے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے قانون کی طاقت کا استعمال کریں، مولانا رحمانی نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں ربیع الاول کا مہینہ آرہا ہے، اس کو تعارف پیغمبر کا مہینہ بنایا جائے، مسلم تنظیمیں، مدارس، مسجدوں کے ذمہ داران قرب وجوار کے غیر مسلم بھائیوں کو مدعو کر کے اُن کے سامنے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی اور سچی سیرت پیش کریں؛ کیوں کہ جہالت کا اندھیرا بُرا بھلا کہنے سے ختم نہیں ہوگا، اس وقت ختم ہوگا جب سچائی کا چراغ روشن کر دیا جائے۔


Posted

in

,

by

Tags:

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *