نئی دہلی: (پریس ریلیز) اگرآپ ‘چلو گاوں کی اور’ کا نعرہ سچ ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو بدایوں ضلع کے ‘بسولیا’ گاوں جانا ہوگا ۔ یہاں وژن 2026 نے گاوں والوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کئی پروجیکٹ شروع کیے ہیں ، وژن کا ‘ماڈل ولیج ٹرسٹ’ تبدیلی کی یہ مہم صرف بسولیا میں ہی نہیں بلکہ ملک کی 9 ریاستوں کے 18 اضلاع کے 67 گاوں میں چلا رہا ہے ۔ وژن 2026 گاوں کوگود لیکر انہیں ‘ماڈل ولیج’ کے طور پر ترقی دینے کا کام کر رہاہے ۔ وژن نے پہلا ماڈل ولیج 2010 میں مغربی اترپردیش کے مرادآباد کے ملک پلو پورا کو گود لیا تھا ۔
بسولیا ‘ماڈل ولیج’ میں جاری کاموں کے بارے میں ماڈل ولیج پروجیکٹ ‘ کے نیشنل کو آرڈینیٹر محمد شاہد نے بتایا کہ” جب 2017 میں ہم نے بسولیا کو گود لیا گیا تھا اس وقت 350 گھروں پر مشتمل اس آبادی کی حالت بہت خراب تھی ۔ یہاں کام کرنا بہت چیلنجوں والا تھا ، چنانچہ ہم نے گاوں کی ترقی میں وہاں کے مکینوں کی سرگرم شراکت داری پر خاص توجہ دی ۔ خود روزگار سمیت کئی اہم پروجیکٹوں کے ذریعے یہاں کے لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش جاری ہے ۔ گرام پنچایت کی سرکاری یوجناوں کوگاوں میں لانے کاکام بھی ہم مقامی لوگوں کی مدد سے کرتے ہیں ۔ گاوں کی ترقی میں مقامی نوجوانوں اپنا سرگرم رول ادا کر یں اس کے لیے ‘گرامین دوستی یوتھ میٹ ‘کے ذریعہ نوجوانوں کو جوڑتے ہیں ۔
شاہد بتاتے ہیں کہ وژن نے یہاں 11غریب ضرورت مند خاندانوں کے لیے پکے مکانات بنائے ہیں ، خواتین اور بڑی بچیوں کے لیے ‘امید پروجیکٹ ‘کے تحت اڈلٹ لرنگ سینٹرقائم کیا ہے جس میں 80 خواتین لکھنا پڑھنا سیکھ رہی ہیں ، ون ٹیچر اسکول بنایا گیا ہے جس میں 256 بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ نوجوانوں کو تعلیم سے جوڑنے کے لیے ٹیوشن اور کریر گائڈینس سینٹر قائم کیا جا رہا ہے ، بچیوں کو گھریلو روزگار سے جوڑنے کے لیے سلائی سینٹر قائم کیا گیا ہے ۔ پینے کے صاف پانی کے لیے 4 پروجیکٹ لگائے گئے ہیں ۔ مقامی لوگوں کے ساتھ ملکر ہم مستقل صفائی بیداری مہم چلاتے ہیں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صحت ہماری ترجیحات میں شامل ہے گاوں میں غربت کی وجہ سے عدم تغذیہ کا شکار چھوٹے بچوں کی صحت کی بہتری کے لیے گھر گھر جاکر ہم تب تک کام کرتے ہیں جب تک یہ بچے بہتر پوزیشن میں نہ آجائیں ۔ بسولیا میں بڑی تعداد میں ایسے بچوں کو صحت مند زندگی دینے میں ہم کامیاب ہوئے ہیں ۔ عدم تغذیہ کا شکار 15 بچوں کی دیکھ بھال کی ہے جواب مکمل صحت مند ہیں ۔ واضح ہو کہ وژن 2026 اپنے قیام کے اول روز سے ہی محروم طبقات کی مدد اور ضرورت مندوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی کوشش کی ہے ۔