پیغمبر اسلام ﷺکی شان میں بار بار گستاخی ناقابل برداشت، ایسے مجرموں کو فوراً قانونی سزا دی جائے: آل انڈیا امامس کونسل

سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے مذہبی شخصیات کی بے حرمتی انتہائی گری ہوئی حرکت، حکومت فوراً لے ایکشن۔

حکومت اور عدالت اگر فوری قانونی سزا نہیں دیتی ہے تو پورے ملک میں ہوگا جمہوری طریقے پر احتجاج۔ مفتی حنیف احرارؔ قاسمی

  جامعہ نگر، نئی دہلی: (پریس ریلیز) آل انڈیا امامس کونسل کے قومی نائب صدر مفتی حنیف احرار قاسمی نے بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کی رسول ﷺ اور امہات المومنین کی شان میں گستاخی اور اہانت آمیز باتوں پر شدید ردِّعمل کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ: ”پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں باربار گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہی فاسد عناصر ملک میں فتنہ و فساد بھڑکاکر سماج کے ماحول کو سنگین بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی ضروری ہے۔

 انھوں نے کہا کہ: ”اگر اس طرح کی گستاخیوں کے سلسلے پر فوراً روک نہیں لگائی گئی تو آل انڈیا امامس کونسل پورے ملک میں جمہوری طریقے سے عوامی احتجاج کرے گی“۔ انھوں نے کہا کہ: ”مسلمان اپنے نبی اور امہات المومنین سے اپنی جان اور آل و اولاد سے زیادہ محبت کرتا ہے، وہ سب کچھ برداشت کر سکتا ہے لیکن اپنے نبی اور امہات المومنین کی شان میں ذرہ برابر بھی توہین ہرگز ہرگز برداشت نہیں کرسکتا ہے“۔

 مفتی احرار قاسمی نے مزید کہا کہ: ”یہ لوگ امن و امان،ملک کی گنگا جمنی تہذیب اور دستور کے خلاف خطرناک سازش رچنے والے ہیں۔ یہ لوگ دستور کو کمزور کرنے کے لیے مسلسل غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔

 مفتی احرار نے یہ بھی کہا کہ: ”کسی بھی مذہب کے رہنماؤں کے ساتھ ہتک آمیز مجرمانہ حرکت کی جرات یقینا اقتدار کی شہ پر کی جاتی ہے، اس کی حوصلہ شکنی کرنا، پشت پناہی کرنے والوں کا پردہ فاش کرنا اور تمام شرپسندوں پر قانونی شکنجہ کسنا حکومت اور عدالت کی اولین ذمہ داری ہے۔

   اس لیے آل انڈیا امامس کونسل حکومت ہند اور عدالت سے مطالبہ کرتی ہے کہ:”اس خطرناک مجرم ٹی راجہ سنگھ اور اس کی حمایتیوں پر فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ اور آئندہ کے لیے اس طرح کی حرکتوں پرمکمل پابندی عائد کرے؛ تاکہ کوئی بھی کسی بھی مذہب کی محترم شخصیات کی عزت اُچھالنے کی جرأت نہ کر سکے“۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com