جھارکھنڈ: بی جے پی رکن اسمبلی پر ‘بی ڈی او’ کے ساتھ مار پیٹ کا الزام، ایف آئی آر درج

پلاموں ضلع واقع مناتو بلاک کے بلاک ڈیولپمنٹ افسر (بی ڈی او) نے پانکی کے بی جے پی رکن اسمبلی ڈاکٹر ششی بھوشن پرساد مہتا اور ان کے حامیوں پر مار پیٹ اور ان کی رہائش میں توڑ پھوڑ کے الزام میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ یہ معاملہ تقریباً ڈیڑھ ماہ پرانا ہے، لیکن اس تعلق سے ایف آئی آر اب درج ہوئی ہے۔

رکن اسمبلی ڈاکٹر ششی بھوشن مہتا گزشتہ دنوں مناتو بلاک میں بلاک ہیڈ کے دفتر کا افتتاح کرنے پہنچے تھے۔ اس دوران بی ڈی او موقع پر موجود نہیں تھے۔ اس پر رکن اسمبلی ڈاکٹر ششی بھوشن پرساد مہتا اور ان کے حامی بی ڈی او کی رہائش پر پہنچ گئے۔ اس دوران رکن اسمبلی نے بی ڈی او پر دفتر کے وقت شراب پینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہنگامہ کر دیا۔ بی ڈی او پر کارروائی کے مطالبہ کو لے کر رکن اسمبلی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں کے ہنگامے کی مخالفت میں سرکاری ملازمین بھی ہڑتال پر چلے گئے۔ اس معاملے میں سینئر افسران کی مداخلت کے بعد معاملہ رفع دفع ہوا تھا۔

اسی دوران بی ڈی او سنیل پرکاش نے رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں پر مار پیٹ، بدسلوکی اور رہائش میں توڑ پھوڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے تھانہ میں ایف آئی آر کے لیے درخواست دی تھی۔ اسی درخواست کی بنیاد پر ایف آئی آر اب درج کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں رکن اسمبلی کی طرف سے فی الحال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com