دہلی تشدد: ہائی کورٹ نے ملزم عمر خالد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ رکھا محفوظ

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے دہلی تشدد کے ملزم عمر خالد کی درخواست ضمانت پر جمعہ کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔ جسٹس سدھارتھ مردول کی سربراہی والی بنچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

آج عمر خالد کی جانب سے کہا گیا کہ عمر خالد کسی واقعے کے وقت وہاں موجود نہیں تھے اور نہ ہی ان سے کچھ برآمد ہوا ہے۔ 7 ستمبر کو دہلی پولیس نے ہائی کورٹ میں اپنے دلائل مکمل کر لیے تھے۔ 6 ستمبر کو سماعت کے دوران دہلی پولیس کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر امت پرساد نے جامعہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ کی چیٹ کے بارے میں بتایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ کہہ دو، ہم جامعہ سے ہیں، دہلی کا چکہ جام کردیں گے۔23 اگست کو عمر خالد کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے دہلی پولیس نے ہائی کورٹ میں دلیل دی تھی کہ شاہین باغ دھرنا خواتین کی آزادانہ نقل و حرکت نہیں تھا۔ دھرنے اور مظاہرے کے مقامات کو مسجدوں کے قریب منصوبہ بند طریقے سے بنایا گیا تھا۔ دہلی پولیس کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر امت پرساد نے کہا تھا کہ ملزم کے واٹس ایپ چیٹ میں کہا گیا تھا کہ دھرنے کی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ ہندوؤں کو لایا جائے تاکہ وہ سیکولر نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہین باغ تحریک خواتین کی آزاد تحریک نہیں تھی۔

امت پرساد نے کہا تھا کہ فسادات کے دوران ہر احتجاجی مقام پر قانونی مدد کے لیے ایک ٹیم موجود تھی۔ ٹیم کوڈی پی ایس جی نامی واٹس ایپ گروپ کے ذریعے مربوط کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پولیس نے جس وقت کارروائی کی اس کے فوراً بعد وکلا کو قانونی مدد کے لیے بھیجا گیا۔ مظاہروں کو مقامی لوگوں کی حمایت حاصل نہیں تھی۔ لوگوں کو دوسری جگہوں سے لایا گیا۔ دھرنے کی جگہوں پر تقریریں کرنے کے لیے مقررین اور تھیٹر کے کارکنوں کو رکھا گیا تھا تاکہ لوگ بور نہ ہوں۔ یہاں تک کہ مساجد کے قریب دھرنے کے مقامات بھی بنائے گئے تھے۔

4 اگست کو سماعت کے دوران دہلی پولیس نے کہا تھا کہ شاہین باغ احتجاج نانی اور دادی کا نہیں تھا جیسا کہ تشہیر کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہونے والے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر امت پرساد نے کہا تھا کہ شاہین باغ تحریک کو شرجیل امام کے ذریعہ منصوبہ بند طریقے سے متحرک وسائل سے منظم کیا گیا تھا۔ پرساد نے کہا تھا کہ احتجاجی مقام پر حامیوں کی تعداد بہت کم تھی۔ فنکاروں اور موسیقاروں کو باہر سے لایا گیا تاکہ مقامی لوگ پرفارمنس میں حصہ لیتے رہیں۔

(ہ-س) 

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com