ممبئی میں پہلی بار ہفتہ سیرت النبی کا اہتمام

ادارہ دعوۃ السنہ اور انجمن اسلام کے اشتراک سے ممبئی میں سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، ہر دن سیرت کے الگ الگ اور اہم موضوعات پر ملک کے نامور علمائے کرام بیان کریں گے، ہفتہ سیرت کی سرپرستی حضرت مولانا ابوظفرحسان ندوی ازہری فرمائیں گے

ممبئی: (پریس ریلیز) عروس البلاد ممبئی کی تاریخ میں پہلی بار پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے مبارک موقع پر ہفتہ سیرت النبی کا انعقاد کیا جارہا ہے، یہ پروگرام ممبئی شہر اور مضافات ممبئی کے اہم مسلم علاقوں میں منعقد کئے جائیں گے، ہفتہ سیرت النبی کا انعقاد ادارہ دعوۃ السنہ مہاراشٹر انجمن اسلام ممبئی کے اشتراک سے کرنے جارہا ہے، ہفتہ سیرت النبی کے کنوینر مولانا محمد شاہد الناصری الحنفی نے بتایا کہ ہفتہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے انعقاد کا اہم مقصد مسلمانوں کو اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ سے قریب کرنا اور سیرت النبی کے اہم گوشوں سے واقف کرانا ہے، یوں تو مسلمان اپنے نبی کے لیے جان چھڑکتا ہے، لیکن گذشتہ چند سالوں میں جس طرح دشمنان اسلام اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ناواقف افراد نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کی ہے،اس بات کی ضرورت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ برادران وطن کو بھی سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور محاسن اسلام سے واقف کرایا جائے اور صحیح طریقے سے اسلام کا پیغام ان کے ذہنوں تک پہنچایا جائے، اسی مقصد کے پیش نظر ادارہ دعوۃ السنہ مہاراشٹر نے انجمن اسلام کے اشتراک سے ہفتہ سیرت النبی کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، انشاء اللہ یہ ہفتہ سیرت یکم اکتوبر سے 7 اکتوبر 2022 ء تک ہوگا اوراس دوران مسلسل پانچ دنوں میں خطبات سیرت کا اہتمام کیاجائے گا ۔اوراس ہفتہ سیرت کی سرپرستی علامۃ العصرحضرت مولاناابوظفرحسان ندوی ازہری فرمائیں گے۔

 مولانا ناصری نے مزید کہا کہ ممبئی سے قبل مدراس، بنگلور اور حیدرآباد میں اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جاتے رہے ہیں اور آج بھی ہوتے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ممبئی جسے عروس البلاد کی حیثیت حاصل ہے یہاں آج تک اس طرح کے پروگرام منعقد نہیں ہوئے لیکن الحمدللہ اللہ نے اہل ممبئی کو یہ مبارک موقع فراہم کیا ہے تو میں درخواست کروں گا کہ وہ اس مبارک موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو قریب سے جانیں، مولانا ناصری نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ممبئی اور مضافات ممبئی کے گوونڈی، جوگیشوری، میرا روڈ میں منعقد ہوگا اور پانچ دنوں تک مستقل مختلف اور اہم موضوعات پر بیان ہوگا، ان پروگراموں میں ملک بھر سے نامور اور سیرت النبی کے ماہرین علمائے کرام بیان فرمائیں گے، اس پروگرام کو مزید موثر اور مفید بنانے کے لیے اس میں اسکول کالج کے طلبہ و طالبات اور برادران وطن کے لئے مخصوص نشستیں منعقد کی جائیں گی جس میں بیان کے بعد سوال وجواب کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا. اس موقع پر مولانا ناصری نے ممبئی کی مساجد کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ ان دنوں اپنی مسجدوں میں سیرت النبی کے موضوع پر پروگرام کرنا چاہتے ہیں تو وہ پروگرام کے ذمہ داران مولانا محمد شاہد ناصری(9869965211)،مفتی سعیدالرحمن فاروقی(9324401646) اور مولانا رشید احمد ندوی صاحب (9820832455)سے رابطہ فرمائیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com