پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے دفاتر اور رہ نماؤں پر چھاپے قابل مذمّت: سید سعادت اللہ حسینی (امیر جماعت اسلامی ہند)

جماعت اسلامی ہند پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے دفاتر اور ان کے رہنماؤں پر این آئی اے اور ای ڈی کی طرف سے کئے گئے چھاپوں پر انتہائی فکر مند ہے ۔ این آئی اے جیسی ایجنسیاں جن لوگوں کے خلاف ان کے پاس واضح ثبوت موجود ہیں تحقیقات کرسکتی ہیں۔ لیکن اس طرح کے اقدامات غیر جانب دارانہ ہونے چاہئیں۔

کیا این آئی اے اور ای ڈی چھاپوں میں معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کی پیروی کر رہے ہیں؟ جس طرح سے این آئی اے اور ای ڈی نے پی ایف آئی کو نشانہ بناتے ہوئے پورے ملک میں بیک وقت چھاپے مارے ہیں اس سے ہمارے معاشرے کو جواب دینے کے لیے بہت سے سوالات پیدا ہوتے ہیں ۔

یہ کارروائی مرکزی حکومت کی ایجنسیوں کی طرف سے گزشتہ چند سالوں میں مختلف ریاستی ایجنسیوں جیسے این آئی اے ، ای ڈی ، سی بی آئی اور پولیس کے ذریعے اپوزیشن گروپوں اور لیڈروں کے خلاف کئی کارروائیوں کے پس منظر مشکوک ہوجاتی ہیں ۔ اس سے ہماری جمہوری اقدار کو ٹھیس پہنچتی ہے اور اقتدار میں رہنے والوں پر تنقید اور تعریف کرنے کے شہریوں کے حقوق کو خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔

یہ کارروائی اس لیے بھی قابل اعتراض ہو جاتی ہے کیوں کہ کھلے عام نفرت پھیلانے اور تشدد میں ملوث متعدد گروہوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی ہے ۔ لہٰذا ، یہ چھاپے معاشرے کے لیے کئی سوالات کو جنم دیتے ہیں ۔ کیا چھاپوں کا مقصد کسی مخصوص حلقے کو خوش کرنا ہے؟ اگر ایسا ہے تو کیا یہ ایک طرح کی خوشامد اور ووٹ بینک کی سیاست نہیں؟

جماعت اسلامی ہند ایسے تمام چھاپوں اور کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے جن میں لوگوں کو غیر منصفانہ طریقے سے ہراساں کیا جاتا ہے ، خواہ ان کا تعلق اپوزیشن ، اقلیتوں یا سماج کے کسی بھی سماجی طبقے سے ہو ۔ اگر ریاستی ادارے بغیر ثبوت اور جواز کے ان کے خلاف جانب دارانہ کارروائی کر رہے ہیں تو یہ انصاف پسند معاشرے کے لیے صحت مند بات نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی ہند کبھی بھی نفرت اور تشدد کی حمایت نہیں کرتی ہے اور اس کی واضح مذمت کرتی ہے ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com