نئی دہلی: (پریس ریلیز) پاپولر فرنٹ انڈیا کے خلاف قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے اور ای ڈی کی چھاپہ ماری کی آل انڈیا ملی کونسل نے شدید مذمت کی اور اس کو جمہوری اقدار کے خلاف بتایا۔
کونسل نے کہا کہ ملک کی اہم ایجنسیوں کا استعمال لگاتار حکومت مخالف آوازوں کو دبانے کیلئے جا رہا ہے جس سے ملک کی جمہوریت یقینی طور پر کمزور ہوگی اور عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کی لگاتار کوششیں ہورہی ہے، مدارس، مساجد، دینی اداروں اور تنظیموں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گذشتہ دنوں آسام میں ایک مہینہ کے دوران تین مدارس کو مفروضہ الزام کی بنیاد پر منہدم کردیا گیا، اترپردیش میں پہلے مدارس کا سروے کرانے کا اعلان کیا گیا اور اب اوقاف کی زمینوں کے سروے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گذشتہ چند سالوں میں ماب لنچنگ کے واقعات لگاتار پیش آرہے ہیں، مسلمانوں کے خلاف ایک ماحول بنایا جا رہا ہے، شدت پسندوں اور اشتعال انگیز ہندو رہنماﺅں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری اور سیکولر ملک ہے جہاں سبھی کو اظہار رائے اور اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی ہے ، اس طرح کی کاروائی یقینی طور پر یہ تاثر دیتی ہے کہ حکومت اصل مدعوں سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے ۔بھارت کی جمہوریت کو مضبوط بنانا ضروری ہے اور یہ اسی وقت ہوگا جب ایجنسیاں ذمہ داری سے کام کریں گی۔