میرٹھ: (پریس ریلیز) شہرمیرٹھ کے المعہد المجید لعلوم الاسلامی والعصرالجدیدمیں انجمن بزم شاہین نے مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل کی آمدپر ایک شاندارپروگرام منعقدکیا۔اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولاناقاسمی نے کہا کہ موجودہ دور میں سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو عام کرنے اوراسے بہتر طریقہ سے انجام دینے کے لیے ہر مکتب فکر کے لوگوں کو ایک ساتھ لے کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے فرمایاکہ اس وقت دنیا میں عموما اورہندوستان میں خصوصا بے چینی اورعدم رواداری،عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہاہے اورسماجی تحفظ کو کئی سطح پر شدید خطرات لاحق ہیں،ایسے حالات میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اوراسلامی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کی رہنمائی کی جائے اوراس چیز کو واضح کیا جائے کہ مذہبی رواداری،حقوق کا تحفظ،امن،بھائی چارگی،عدل وانصاف اورہرقسم کے تعصبات سے پاک سماج کی تشکیل صرف اسلام ہی کے ذریعہ ممکن ہے۔اللہ رب العزت نے اپنے بندوں کو صراط مستقیم پر گامژن کرنے کے لیے اپنے محبوب سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم کو ربیع الاول کے مہینہ میں مبعوث فرمایا،اس مہینہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کرنے مسلمانوں میں ملی اتحاد و مضبوط کرنے اورعام انسانوں میں اکرام انسانیت کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو عام کرنے کے لیے درج ذیل طریقے اپنائے جائیں:(1) مساجد میں مختلف تاریخوں میں سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے پروگرام کئے جائیں،اس سلسلہ میں مساجد کے ذمہ داروں اورائمہ کرام سے رابطہ کیا جائے کہ جمعہ کے علاوہ مجلس منعقد کی جائے۔(2) اہل محلہ دس روزہ پیام سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس منعقد کرائیں۔(3) ہر اتوار اورجمعہ کو اپنے محلہ میں سیرت کا پروگرام ماہ ربیع الاول میں منعقد کریں،جس میں خواتین کے لیے خصوصی نظم کیا جائے۔(4) ربیع الاول کے مہینہ میں سیرت کے عنوان سے مضامین علماء ودانشوران سے لکھوائی جائیں اورمضامین کی اشاعت کے لیے اخبارات ونیوز ایجنسی کے ذمہ داروں سے رابطہ کیا جائے۔(5) اسکول وکالج کے ذمہ داروں سے اپیل کی جائے کہ وہ اپنے یہاں طلبہ کے لیے کم از کم ایک روزہ سیرت پروگرام منعقد کرائیں۔(6) سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر چھوٹے چھوٹے کتابچے اردو،ہندی اورانگریزی میں چھپواکر مسلم وغیر مسلم بھائیوں تک پہونچایا جائے۔(7) سیرت کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جائے اوراسلام کی صحیح اورسچی تعلیمات کو اس کے ذریعہ لوگوں تک پہونچایا جائے،نیز منفی بیان کا جائزہ لے کر احسن طریقہ سے اس کا جواب دیا جائے۔(8) علماء وائمہ کرام جمعہ کے علاوہ دیگر مجلسوں میں اسلام اوررسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات پر مؤثر تقریر کریں تاکہ مسلمان اپنی زندگی کو نبوی سانچے میں ڈھالنے کی سعی کریں اوران کے اندر داعیانہ کردار پیدا ہوسکے۔(9) موجودہ حالات میں مدارس،مکاتب،اسکول اورمختلف اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی جائے کہ سیرت کے موضوع پر پروگرام منعقد کرائیں اورطلبہ وطالبات اس موضوع پر تیاری کرکے تقریر کریں۔(10) ماہ مبارک میں اتحاد ملت کے لیے کوشش کی جائے،مختلف مسالک کے علماء کو مشترکہ طور پر سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلسہ میں تقریر یں کرائی جائیں۔مولاناقاسمی نے مزید کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ ممبئی کی مشہور دینی،سماجی اوررفاہی تنظیم ادارۃ السنہ اورانجمن اسلام نے مشترکہ ممبئی میں ہفتہئ سیرت منانے کا اعلان کیا ہے،جس میں پورے ملک سے علماء اوردانشوروں کو شرکت کی دعوت دی گئی،ان شاء اللہ یہ پروگرام سیرت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو عام کرنے میں مفید ثابت ہوگا۔ضرورت ہے کہ اس طرح کا سلسلہ ملک کے تمام شہروں میں شروع کیا جائے اورسیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی کانفرنسوں اورجلسوں میں غیر مسلم احباب کو بھی دعوت دی جائے۔اس طرح غیروں کورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اعلیٰ کردارواخلاق سے متعارف کراسکیں گے اورممکن ہے کہ یہ ان کی ہدایت کا ذریعہ بنے یا کم از کم اتنا تو ضرورہوگا کہ غلط فہمیاں دورہوں گی۔ مولانامشہود الرحمن شاہین جمالی مہتمم المعہد المجید لعلوم الاسلامی والعصرالجدیدنے بھی خطاب کیا۔