صفائی مشین چوری معاملے میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کی گرفتاری پر لگائی روک

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے آج سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی اعظم خان اور ان کے بیٹے رکن اسمبلی عبداللہ اعظم کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ دونوں کے خلاف رامپور کے عظیم نگر تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ ان پر رامپور نگر پالیکا کی صفائی مشین چوری کرنے کا الزام ہے۔ آج ہائی کورٹ میں اعظم خان اور عبداللہ اعظم کی دفاع میں وکیل عمران اللہ نے دلائل پیش کیں۔ بعد ازاں عدالت نے دونوں کی گرفتاری پر روک لگاتے ہوئے یوپی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

دراصل الٰہ آباد ہائی کورٹ میں اعظم خان کی گرفتاری پر روک اور ایف آئی آر رد کرنے کو لے کر عرضی داخل کی گئی تھی۔ اس معاملے کی سماعت کے بعد جسٹس سنیت کمار اور جسٹس سید وعظ میاں کی ڈویژن بنچ نے گرفتاری پر روک لگانے کا حکم صادر کیا۔

اعظم خان پر الزام ہے کہ ان کے خلاف پہلے سے جو چوری کا کیس درج ہے، وہ سامان انھوں نے اپنی یونیورسٹی میں چھپا کر رکھا ہے۔ اس معاملے میں کچھ دن پہلے پولیس نے اعظم خان کے رکن اسمبلی بیٹے عبداللہ کے دو دوستوں انوار اور سالم کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد ان کی نشاندہی پر جوہر یونیورسٹی میں چھاپہ ماری کی گئی۔ پھر یونیورسٹی احاطہ کی زمین میں دبی نگر پالیکا کی صفائی مشین، مدرسہ عالیہ سے چوری کی گئی ہزاروں کتابیں اور کئی الماری برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔

دوسری طرف جمعہ کو پولیس نے رامپور نگر پالیکا پہنچ کر چوری سے جڑے معاملے میں ریکارڈ کھنگالے۔ تقریباً دو گھنٹے تک پولیس کی یہ کارروائی جاری رہی۔ ساتھ ہی کئی ملازمین سے بھی پوچھ تاچھ کی۔ حالانکہ، پولیس کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی جانچ میں کیا نکلا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com