متھرا شری کرشن جنم بھومی تنازعہ میں نئی سرگرمی، اب منیٰ مسجد کو ہٹانے کے لیے عرضی داخل

اتر پردیش کے متھرا واقع شری کرشن جنم بھومی مندر معاملہ پر سماعت عدالت میں ابھی چل ہی رہی ہے، اس درمیان متھرا کی عدالت میں ایک نئی عرضی داخل ہونے سے مزید ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ تازہ عرضی میں منیٰ مسجد کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عرضی دہندہ کا دعویٰ ہے کہ یہ مسجد کیشو دیو مندر کی زمین کے حصے پر بنائی گئی ہے اور لیے مسجد کو دوسری جگہ منتقل کیا جانا چاہیے۔ عدالت نے اس معاملے میں سماعت کے لیے آئندہ 26 اکتوبر کی تاریخ بھی مقرر کر دی ہے۔

منیٰ مسجد کو اس کی جگہ سے ہٹا کر دوسری جگہ منتقل کرنے سے متعلق عرضی وکیل دیپک شرما داخل کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دیوانی جج (سینئر کلاس) جیوتی سنگھ نے جمعرات کو کوئی بھی حکم پاس نہیں کیا۔ معاملے کی سماعت کے لیے 26 اکتوبر کی تاریخ طے کر دی گئی ہے۔ وکیل کے مطابق عرضی دہندہ نے عدالت سے حقیقی صورت حال کی رپورٹ کے لیے ایک افسر کو مسجد بھیجنے کی گزارش کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت میں پیش اس عرضی میں کہا گیا ہے کہ اورنگ زیب نے شری کرشن جنم بھومی مندر کو توڑا اور شاہی عیدگاہ کو تجاوزات کی شکل میں کھڑا کر دیا۔ اس کے بعد اورنگ زیب کی نسل نے شری کرشن جنم بھومی مندر کے مشرقی سرحد پر منیٰ مسجد کی تعمیر کرائی جو کہ غلط ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com